بس میں خاتون نے خاتون کنڈکٹر اور نرس کی مدد سے بچہ کو جنم دیا

Conductor

راکھی تہوار کے دن تلنگانہ کی آرٹی سی بس میں حاملہ خاتون نے خاتون کنڈکٹر اور بس میں سفر کرنے والی نرس کی مدد سے بچہ کو جنم دیا۔ زچگی کے لئے مد د اورانسانیت کا مظاہرہ کرنے والی خاتون کنڈکٹر اورنرس کی مختلف گوشوں سے جہاں ستائش کی جارہی ہے وہیں ریاستی وزیرٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے بھی ان کے نیک جذبہ کی سراہنا کی۔ تفصیلات کے مطابق 19 اگست کی صبح، سندیا نامی ایک حاملہ خاتون گدوال ڈپو سے تعلق رکھنے والی گدوال۔ونپرتی روٹ کی بس میں سوار ہوئی۔وہ اپنے بھائیوں کو راکھی باندھنے کیلئے جارہی تھی۔بس کے ناچاہلی علاقہ کے قریب پہنچنے پر اس خاتون کو اچانک پیٹ میں درد ہونے لگا۔ خاتون کنڈکٹر جی بھارتی، جسے فوری طور پر دوسرے مسافرین نے چوکس کیا،نے بس کو رکوایا۔اس خاتون کنڈکٹر نے بس میں سفر کرنے والی نرس کی مدد سے خاتون کی زچگی کی۔ بعد ازاں ماں اور نوزائیدہ کو 108 ایمبولنس کی مدد سے مقامی اسپتال لے جایا گیا جہاں دونوں کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔اس واقعہ کی اطلاع پر تلنگانہ کے وزیر ٹرانسپورٹ اورآرٹی سی انتظامیہ نے خاتون کنڈکٹراورنرس کو مبارکباد پیش کی۔