طبی پیشہ دنیا کے سب سے زیادہ قابل احترام پیشوں میں سے ایک: پروفیسر نعیمہ خاتون

n63501122017289173274695da1f28f647e7d49ed8a27def95d54d92440a1b82bcdbfca6094014619938bde

جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج اور ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے مشترکہ طور پر ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخل ہونے والے نئے طلبہ کے لیے وائٹ کوٹ تقریب کا اہتمام کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی اے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہا کہ طبی پیشہ دنیا کے سب سے زیادہ قابل احترام پیشوں میں سے ایک ہے۔ڈاکٹروں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے مریضوں کا ہمدردی کے ساتھ علاج کریں۔انہوں نے کہا کہ آج بھی ملک میں ڈاکٹروں کی تعداد آبادی کے تناسب میں بہت کم ہے اورصحت کے شعبہ میں درکار طبی مشینوں کی کمی صورتحال کو مزید دشوار بناتی ہے۔ یہ خوشی کی بات ہے کہ ہماری یونیورسٹی میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کی اچھی خاصی نشستیں ہیں اور ہمیں اچھے ڈاکٹر تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اے ایم یو کے ڈاکٹر ذمہ داری اور لگن کے ساتھ مریضوں کی خدمت کریں گے اور جے این میڈیکل کالج اور یونیورسٹی کا نام روشن کریں گے۔تقریب کے مہمان اعزازی ڈاکٹر بی سری نواس، سکریٹری، نیشنل میڈیکل کمیشن، نئی دہلی، ڈائریکٹر جنرل میڈیکل ایجوکیشن، وزارت صحت و کنبہ بہبود، حکومت ہند نے کہا کہ طبی پیشہ دنیا میں سب سے زیادہ مطلوب اور مقدس پیشہ ہے اور میڈیکل میں داخلہ لینے والے طلباء کی تعداد ہر سال کئی گنا بڑھ رہی ہے۔قبل ازیں مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے پروفیسر وینا مہیشوری، ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن اور پرنسپل و سی ایم ایس، جے این ایم سی نے کہا کہ وہائٹ کوٹ یعنی سفید کوٹ عزت کی علامت ہے اور میڈیکل کے طلباء کو اپنے مریضوں کے ساتھ انتہائی شائستگی اور پیار سے پیش آنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریض پریشانی کی حالت میں اسپتال آتے ہیں اور ڈاکٹروں کا پیار بھرا رویہ اور نرم زبان ان کی مصیبت و پریشانی کو بہت حدتک کم کردیتی ہے۔ انھوں نے نئے طلبہ کو روایتی ہپوکریٹک حلف بھی دلایا۔پروفیسر آر کے تیواری، پرنسپل، ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ سخت محنت کریں اور ان مریضوں کی خدمت کرنے کے لئے آمادہ رہیں جو اپنی ضرورت و پریشانی کے ساتھ ان کے پاس آتے ہیں۔اس موقع پر مہمانوں کے بدست ڈاکٹر صوفیہ نسیم کی مرتب کردہ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کی ہینڈ بک کا اجراء کیا گیا۔پروفیسر سیما حکیم، کوآرڈینیٹر، میڈیکل ایجوکیشن یونٹ نے یونٹ کے زیر اہتمام پروگراموں پر روشنی ڈالی۔پروگرام کی نظامت ڈاکٹر بشریٰ صدیقی اور ڈاکٹر روحی خان نے کی۔ ڈاکٹر روحی خان نے شکریہ ادا کیا۔