سابق سرپنچوں کی تائید میں دھرنا، ہریش راؤ گرفتار

تلنگانہ کے سابق سرپنچوں نے آج ریاست گیر سطح پر احتجاج منظم کرتے ہوئے زیر التواء بلز کی اجرائی کا مطالبہ کیا۔ حیدرآباد اور اضلاع میں احتجاج کرتے ہوئے سابق سرپنچوں کو پولیس نے حراست میں لیا۔ حیدرآباد سابق سرپنچوں کو گرفتار کر کے بلارم پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا جہاں بی آر ایس کے سابق وزراء ہریش راؤ اور پرشانت ریڈی نے پہنچ کر سابق سرپنچوں کی تائید میں دھرنا منظم کیا۔ راستہ روکو احتجاج منظم کرنے پر ترملگری کے علاقہ سے ہریش راؤ اور پرشانت ریڈی کو پولیس نے حراست میں لے لیا ۔ بی آر ایس کے دیگر قائدین کو بھی گرفتار کر کے پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ ہریش راؤ نے پولیس کے رویہ کے خلاف دھرنا منظم کیا گیا۔ بی آر ایس نے سابق سرپنچوں کے احتجاج کی تائید کی ہے ۔ ورکنگ پریسڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے بھی سابق سرپنچوں کی گرفتاری کی مذمت کی ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ دیرینہ مطالبات کی یکسوئی کے بجائے پولیس کے ذریعہ سابق سرپنچوں کو گرفتار کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق سرپنچوں کو دہشت گردوں کی طرح گرفتار کیا گیا ۔ حکومت کی جانب سے بلز کی عدم اجرائی کے نتیجہ میں سابق سرپنچ مقروض ہوچکے ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے مطالبہ کیا گیا کہ سابق سرپنچوں کے بلز فوری جاری کریں۔حیدرآباد اور اضلاع میں سرپنچوں کے احتجاج کے سبب کئی علاقوں میں صورتحال کشیدہ ہوگئی۔
