ریزرو بینک کی جانب سے کسانوں کو بڑی سوغات، بغیر سود کے ملے گا 2 لاکھ کا قرض

ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے کسانوں کو بڑا تحفہ دیا ہے۔ آر بی آئی کے گورنر شکتی کانت داس نے جمعہ کو کسانوں کو بغیر کسی گارنٹی کے 2 لاکھ روپے تک کا قرض فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ فی الحال یہ حد 1.6 لاکھ روپئے تھی۔ مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کی جائزہ میٹنگ میں لیے گئے فیصلے کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے ریزرو بینک کے گورنر شکتی کانت داس نے کہا کہ افراط زر اور زراعت میں استعمال ہونے والے خام مال کی قیمت میں اضافے کے پیش نظر، گارنٹی کے بغیر زرعی قرض کی حد مقرر کی گئی ہے۔ اسے 1.6 لاکھ روپئے سے بڑھا کر 2 لاکھ روپئے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شکتی کانت داس نے کہا کہ ریزرو بینک نے یہ فیصلہ بڑھتی ہوئی مہنگائی سے پریشان کسانوں کو راحت فراہم کرنے کے مقصد سے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے چھوٹے اور معمولی کسانوں کے مالیاتی اداروں سے قرض لینے کا دائرہ بڑھ جائے گا۔ آر بی آئی نے گورنر کو بتایا کہ اس سلسلے میں جلد ہی ایک سرکلر جاری کیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ 2010 میں آر بی آئی نے زرعی شعبے کو بغیر کسی ضمانت کے ایک لاکھ روپئے دینے کی حد مقرر کی تھی۔ اس کے بعد 2019 میں اسے بڑھا کر 1.6 لاکھ روپئے کر دیا گیا تھا۔
