حسین ساگر کو مزید پرکشش بنانے ایچ ایم ڈی اے کا منصوبہ تیار

شہر حیدرآباد میں حسین ساگر کے اطراف و اکناف نکلس روڈ ، سنجیوا پارک ، لمبنی پارک ، این ٹی آر گارڈن اور ٹینک بینڈ شہر کے اہم سیاحتی مراکز میں شمار ہوتے ہیں ۔ ویک اینڈ اور دوسرے تعطیلات میں لطف اندوز ہونے کے لیے عوام ان سیاحتی مراکز کو پہونچتے ہیں ۔ ویک اینڈ کے موقع پر تقریبا ایک لاکھ عوام یہاں پہونچتے ہیں ۔ حیدرآباد میٹرو ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ( اے ایم ڈی اے ) نے حسین ساگر کے آس پاس کے علاقوں کو مزید پرکشش بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ زیادہ تر لوگ میٹرو ریل سے سفر کرتے ہوئے خیریت آباد ریلوے اسٹیشن پر اترتے ہیں اور وہاں سے پیدل چلتے ہوئے آئی میاکس پہونچتے ہیں ۔ ایچ ایم ڈی اے نے حسین ساگر کے اطراف ایک اسکائی واک تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ جو میٹرو اور ایم ایم ٹی ایس کو جوڑتے ہوئے آئی میاکس سے ہوتے ہوئے نکلس روڈ اور این ٹی آر پارک سے حسین ساگر کے اطراف و اکناف تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ اسکائی واک 10 کلو میٹر طویل ہوگا ۔ سڑک کے کنارے سے ضرورت پڑنے پر جہاں ضروری ہو وہاں حسین ساگر میں ستون تعمیر کئے جائیں گے اور اس پر چھ میٹر چوڑا اسکائی واک تعمیر کیا جائے گا ۔ اس کا ایک حصہ سائیکل ٹریک کے لیے اور دوسرا حصہ پیدل راستے کے لیے مختص کیا جائے گا ۔ خیریت آباد میٹرو ۔ ایم ایم ٹی ایس کے علاوہ پیپلز پلازا ، اندرا پارک ، این ٹی آر گارڈن علاقوں میں داخلہ اور اخراج کے راستے ہوں گے ۔ لفٹس کی بھی سہولتیں فراہم کی جائے گی ۔ چند مقامات پر فوڈ کورٹس ، اوپن تھیٹرس ، گیمنگ زونس ، منی تھیٹر اور دیگر سہولتیں دستیاب کرائی جائیں گی ۔ اسکائی واک میں ایک مرتبہ داخل ہونے کے بعد جملہ 10 کلو میٹر تک واکنگ کرتے ہوئے حسین ساگر کے خوبصورت نظاروں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں ۔ اسی راستے کو سائیکلنگ اور اور صبح کی سیر کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ اس کی تعمیرات پر 500 کروڑ روپئے خرچ ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے ۔ عوام سے داخلہ فیس وصول کی جائیگی ۔ اس کے علاوہ کاروباری اور تجارتی اداروں سے بھی حکومت کی آمدنی میں اضافہ ہوگا ۔۔
