پولیس گاڑی نے طالباب سے بھرے آٹو میں ماری ٹکر، نہر میں گرنے سے کئی طلبہ زخمی

بہار کے سپول میں تیز رفتاری کا قہر دیکھنے میں آیا ہے۔ تعجب کی بات ہے کہ حادثہ کسی اور کی نہیں بلکہ پولیس گاڑی کے ڈرائیور کی لاپروائی سے پیش آیا ہے۔ راجیشوری تھانہ کی گاڑی نے پیچھے سے امتحان دینے جارہی طالبات سے بھرے آٹو رکشا کو ٹکر ماردی۔ اس کی وجہ سے دونوں گاڑیاں نہر کے پانی میں گر گئیں۔ اس واقعہ کے بعد آٹو میں سفر کرنے والی لڑکیوں نے چیخنا شروع کردی۔ پولیس کی گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ مقامی لوگوں نے چار زخمی بچوں کو بچا کر مقامی نجی کلینک میں داخل کرایا۔واقعہ للت گرام تھانہ علاقہ میں للت گرام-رام جانکی چوک کے کٹ کے نزدیک رانی پٹی نہر سڑک پر پیش آیا۔ پیر کے روز بہار بورڈ 10ویں کا امتحان دینے جا رہی طالبات سے بھرا آٹو رکشہ راجیشوری تھانہ کی گشتی گاڑی سے ٹکرا گیا۔ اس واقعہ میں چار طالبات کو شدید چوٹیں آئی ہیں جبکہ آٹو میں سوار ڈرائیور اور ایک اور ساتھی کو معمولی چوٹیں آئیں۔واضح ہو کہ زخمیوں میں طالبہ جیسمین کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمی طالبات کا تعلق پرتاپ گنج بلاک کے حاجی ناظم اللہ ہائی اسکول سے ہے جو ویرپور واقع اپنے امتحان مرکز میں پہلی نشست کا امتحان دینے جا رہی تھیں۔ آٹو میں سفر کرنے والی لڑکیوں کے استاد دلشاد نے بتایا کہ وہ پرتاپ گنج کے ملمالیہ گاؤں سے آٹو کے ذریعے ویرپور جا رہے تھے۔ راستے میں للتگرام سے آنے والی ایک تیز رفتار پولیس گاڑی نے آٹو کو زور سے ٹکر مار دی۔ اس کی وجہ سے آٹو میں سوار کئی طالبات زخمی ہوگئے۔واقعہ کے بعد موقع پر پہنچی للتگرام کی ایس ایچ او سنجنا کماری نے نہر کے پانی میں گرنے والی پولیس گاڑی کو جے سی بی کی مدد سے باہر نکالا اور تھانہ لے آئے۔ ایس ایچ او سنجنا کماری نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر پولیس کی گاڑی کو تھانہ لایا گیا۔ زخمی طالبات کا علاج کیا جا رہا ہے۔
