موٹ کورٹ مقابلہ: جامعہ ملیہ کودوسرا سب سے بہترین میموریل ایوارڈ

مآرمی انسٹی ٹیوٹ،موہالی کے زیر اہتمام موقر قومی موٹ کورٹ مقابلہ ‘چیک میٹ دوہزار پچیس’ کے چودہویں ایڈیشن میں فیکلٹی آف لا، جامعہ ملیہ اسلامیہ کی ٹیم نے دوسرا سب سے بہترین میموریل انعام حاصل کیا۔پنجاب اور ہریانہ کے ہائی کورٹ کے وکلا دیپا سنگھ اور گوتم دت کی موجودگی میں اوم گپتا، میتری مشرا اور تنوی پر مشتمل ٹیم نے پنجاب اور ہریانہ کورٹ کے جج عزت مآب جناب آر۔کے۔گرگ کے دست مبارک سے ٹرافی کے ساتھ نو ہزار کا چیک حاصل کیا۔ مورخہ چودہ اور پندرہ فروری دوہزار پچیس کو منعقدہ دوروزہ موٹ کورٹ مقابلے میں پورے ملک سے متعدد ٹیموں نے شرکت کی تھی جن میں صرف سرفہرست سولہ ٹیموں نے میموریل جائزہ مرحلے کے بعد تقریری راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ موٹ پرابلم میں قانون فوجداری اور ٹکنالوجی کا باہمی رشتہ زیر بحث تھا جسے نئے تشکیل شدہ قوانین بھارتیہ نیایہ سنہتا دوہزار تیئس، بھارتیہ ناگرک سورکشا سنہتا دوہزار تیئس اور بھارتیہ ساکشیہ ادھینیم دوہزار تیئس سے لیا گیا تھا۔ فیکلٹی آف لا کے ڈین پروفیسر غلام یزدانی نے جامعہ کی ٹیم کومبارک باد دی اور کہا ‘یہ نمایاں حصولیابی خاص طور سے سال اول کے طلبہ کے طورپر ان کی سخت محنت، ذمہ داری کے تئیں ان کے وقف ہونے اور قانونی بصیرت وذکاوت کا ثبوت ہے۔میں،ٹیم کو دلی مبارک باد پیش کرتاہوں اور مستقبل میں موٹ سے متعلق معاملات میں ان کی مسلسل کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکرتاہوں۔
