تیز رفتار کار پلیا سے ٹکرا کر کھائی میں گری، دو جاں بحق، تین زخمی

مدھیہ پردیش کے ریوا ضلع کے گووند گڑھ تھانہ علاقے میں املکی پلیا کے قریب بدھ کی صبح ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر پلیا سے ٹکرا کر کھائی میں جا گری۔ اس حادثے میں کار میں سوار دو افراد کی موت ہو گئی، جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق کار میں سوار پانچ نوجوان گووند گڑھ کی طرف جارہے تھے لیکن تیز رفتاری کے باعث کار ایک پلیا سے ٹکرا کر نیچے کھائی میں گر گئی۔ حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو سنجے گاندھی اسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے ایک نوجوان کو مردہ قرار دے دیا، جب کہ دوسرے نوجوان کی علاج کے دوران موت ہوگئی۔ پولیس کے مطابق مرنے والوں کی شناخت کرش کھٹیک اور راجیو رجک کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں رشبھ چکوا، راج کھٹیک اور ایک اور نوجوان شامل ہیں۔ تینوں کو شدید چوٹیں آئی ہیں اور ان کا علاج اسپتال میں جاری ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس نے کیس درج کرلیا ہے اور معاملے کی جانچ کی جارہی ہے۔
