امریکہ میں ڈی پورٹیشن کاالرٹ: سینکڑوں طلباء کو ملا ” سیلف ڈی پورٹ” ای- میل

امریکہ میں سینکڑوں بین الاقوامی طلباء کو یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف سٹیٹ (DOS) کی طرف سے ایک ای میل موصول ہوئی ہے جس میں کیمپس کی سرگرمی کی وجہ سے خود کو رپورٹ کرنے کو کہا گیا ہے۔ اس اقدام سے طلبہ بالخصوص ہندوستانی طلبہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کے اس اقدام سے ایسے طلبا کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے جنہوں نے کیمپس میں مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا یا جنہوں نے سوشل میڈیا پر ملک مخالف پوسٹ شیئر کی یا لائیک کی۔ امیگریشن اٹارنی نے تصدیق کی کہ ای میل ان طلبا کو بھیجا گیا جنہوں نے کیمپس ایکٹیوزم میں سرگرمی سے حصہ لیا یا کسی متنازع پوسٹ کے ساتھ اظہار اتفاق کیا۔ جس کے بعد امریکی حکومت نے سوشل میڈیا کا جائزہ لینے کے بعد یہ قدم اٹھایا جس میں سفارتخانے کے اہلکاروں نے بھی تعاون کیا۔ اس فیصلے کے بعد سٹوڈنٹ ویزا کے لیے اپلائی کرنے والے نئے طلبا ء کو بھی سوشل میڈیا کی اس سکروٹنی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس اقدام سے وہ طلبا بھی متاثر ہو سکتے ہیں جو ایف(تعلیمی مطالعہ ویزا)، ایم (ووکیشنل اسٹڈی ویزا)یا جے (ایکسچینج ویزا)کے تحت امریکہ آنا چاہتے تھے۔ 2023-24 کے دوران تقریبا 1.1 ملین بین الاقوامی طلبا ء امریکہ میں زیر تعلیم ہیں، جن میں سے 3.31 لاکھ ہندوستانی طلباء ہیں۔ اس اقدام سے سٹوڈنٹ ویزا حاصل کرنے کا عمل متاثر ہو سکتا ہے اور مستقبل میں طلبا ء کے لیے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔
