حیدرآباد میں جھیلوں کی ایف ٹی ایل کا تعین،خصوصی ایپ کی تیاری

حیدرآباد میں جھیلوں کی ایف ٹی ایل کے تعین کے سلسلہ میں حیدرآباد ڈیزاسٹررسپانس اینڈ ایسیٹ مانیٹرنگ اینڈ پروٹکشن ایجنسی(حیڈرا) ایک خصوصی ایپ تیارکررہاہے۔حیڈرا کمشنررنگناتھ نے بتایا کہ لیک انیومریشن کے نام سے یہ ایپ بنایاجارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ اگرایف ٹی ایل کا تعین مکمل ہو جائے تو شہرمیں جھیلوں سے متعلق کئی مسائل کافی حدتک حل ہوجائیں گے۔رنگناتھ نے حکام کو ہدایت دی کہ اس عمل کو جلدازجلد مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں سے جمع کردہ معلومات کے ساتھ ساتھ تکنیکی مہارت کااستعمال کرتے ہوئے ایف ٹی ایل کا تعین کیاجارہاہے اوراس دوران عوام سے بھی اعتراضات وصول کیے جائیں گے۔اس مقصد کےلئے ایپ میں عوامی اعتراضات درج کرنے کےلیے ایک علیحدہ کالم مختص کیاجائےگا۔ رنگناتھ نے وضاحت کی کہ ایک طرف مٹی بھرنے اوردوسری طرف گندے پانی کے مسلسل جھیلوں میں آنے سے ایف ٹی ایل کی حدیں تبدیل ہورہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایف ٹی ایل کاتعین دیہی،ریونیو،ایچ ایم ڈی اے، جی ایچ ایم سی، آبپاشی، سروے آف انڈیا کے ریکارڈس کے ساتھ ساتھ این آرایس سی کی سیٹلائٹ تصاویر کی مدد سے کیاجارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ خصوصی طور پر ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے تاکہ کسی بھی قسم کے شبہات یا غلط فہمیوں کی گنجائش باقی نہ رہے۔
