جی ایچ ایم سی حدود میں نئے ٹریفک سگنل نظام متعارف کرنے کی تیاری

مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبا دکے حدود میں نئے ٹریفک سگنل نظام کو متعارف کروانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں جو کہ ایمبولنس کے علاوہ ایمرجنسی گاڑیوں کو راہ فراہم کریں گے۔ ذرائع کے مطابق جی ایچ ایم سی نے 30 ستمبر کو ختم ہورہے ٹریفک سگنلس کی دیکھ بھال کے کنٹراکٹ کی جگہ نئی کمپنی کو ٹریفک سگنل نظام کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کا ٹھیکہ حوالہ کرنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں اور اس سلسلہ میں ٹنڈر اعلامیہ جاری کردیاگیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مصروف ترین اوقات کے دوران ٹریفک جام کے سبب ایمبولنس اور دیگر ہنگامی خدمات کی گاڑیوں کو ہونے والی مشکلات کو دیکھتے ہوئے ایسے خود کار سگنل نظام کی تیاری کا منصوبہ تیار کیاگیا ہے جو کہ ٹریفک کے دوران ایمبولنس‘ فائر بریگیڈ یا دیگر ہنگامی خدمات کی گاڑیوں کی آمد کی صورت میں از خود سگنل فراہم کرتے ہوئے ان گاڑیوں یا اس جانب روانہ ہونے والی گاڑیوں کو راستہ فراہم کرے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے تیار کردہ منصوبہ کے مطابق آئندہ ماہ کے اختتام سے قبل ٹنڈر کی کاروائیوں کو مکمل کرتے ہوئے ٹھیکہ حاصل کرنے والی کمپنی کے ذریعہ نئے سگنلس کی تنصیب کے اقدامات کئے جائیں گے اور ابتدائی طور پر 50نئے سگنل نصب کئے جائیں گے جو کہ دو مرحلوں میں نصب ہوں گے اور ان سگنلس میں خود کار صلاحیتیں موجود ہوں گی جو کہ ہنگامی گاڑیوں کو راستہ فراہم کرنے کا نظام بہتر بناپائیں گے۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں موجود سگنل نظام کو بہتر بنانے کے لئے جاری کئے گئے ٹنڈر کے مطابق 50 نئے سگنل کی تنصیب کے علاوہ موجودہ 404 سگنلس کی دیکھ بھال کے لئے ٹنڈر طلب کئے جا رہے ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ نئے سگنل نظام کو بہتر بنانے اور از خود ہنگامی گاڑیوں کے لئے راہ ہموار کرنے والے سگنلس کی تنصیب کے لئے 70 کروڑ کا تخمینہ لگایاگیا ہے ۔دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے مختلف مصروف ترین چوراہوں پر جہاں شام کے اوقات میں ٹریفک جام کی صورتحال ہواکرتی ہے ان اوقات میں ایمبولنس کو ٹریفک میں پھنسنے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو کہ ایمبولنس میں موجود مریض کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے اسی لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے اس نئے سگنل نظام کو متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ٹریفک جام کی مصیبتوں سے ایمبولنس اور ہنگامی خدمات انجام دینے والی گاڑیوں کو محفوظ رکھا جاسکے۔ علاوہ ازیں اس نئے سگنل نظام کے ذریعہ ٹریفک کو بہتر بنانے اور ٹریفک جام کی شکایت سے نجات حاصل کرنے میں بھی بڑی راحت حاصل ہونے کا امکان ہے۔
