یوکرین میں امریکی فوج نہ بھیجنے ٹرمپ کا اعلان

Ukrain-Main-Amrica-Fouj

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ یوکرین میں کسی بھی ممکنہ امن معاہدے کی صورت میں امریکہ اپنی فوج نہیں بھیجے گا، تاہم فضائی مدد فراہم کی جا سکتی ہے۔ ٹرمپ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب انہوں نے یوکرین کے صدر زیلنسکی اور یورپی رہنماؤں کو وائٹ ہاؤس میں مدعو کیا، یہ ملاقات تین روز قبل پوٹن سے ان کی تاریخی ملاقات کے بعد ہوئی۔ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ پوٹن نے زیلنسکی سے ملاقات پر رضامندی ظاہر کی ہے اور کچھ مغربی سیکیورٹی ضمانتوں کو قبول کیا ہے، تاہم کیف اور مغربی دارالحکومتوں نے ان دعوؤں پر احتیاط کا اظہار کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق پوٹن نے تجویز دی کہ اجلاس ماسکو میں ہو، لیکن زیلنسکی نے فوراً اس تجویز کو مسترد کر دیا۔ٹرمپ نے کہا کہ یورپی ممالک جیسے فرانس، جرمنی اور برطانیہ “زمینی افواج تعینات کرنے کے لیے تیار ہیں”، تاہم امریکہ صرف فضائی مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے زور دیا: “آپ کو میری یقین دہانی ہے کہ امریکی فوج زمین پر نہیں ہوگی، اور میں صدر ہوں۔یورپی رہنماؤں نے امن کے کسی بھی ممکنہ معاہدے کیلئے تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ برطانوی وزیر اعظم کیر اسٹارمر نے اتحادی ممالک کے ساتھ مشاورت کے بعد کہا کہ اگر لڑائی رْک گئی تو “ایک ری ایشورنس فورس” کی تعیناتی کے لیے تیاری کی جائے گی۔ اسی دوران نیٹو کے 32 ممالک کے فوجی سربراہان بھی ویڈیو لنک پر یوکرین کے معاملے پر اجلاس کریں گے۔