جی ایس ٹی اصلاحات سے ریاستوں کی آمدنی متاثر نہ ہو: بھٹی وکرمارکا

ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ جی ایس ٹی میں اصلاحات پر عمل آوری کے ذریعہ ریاستوں کی آمدنی کو متاثر ہونے نہ دیا جائے۔ بھٹی وکرمارکا نے جی ایس ٹی میں اصلاحات کے مسئلہ پر آج نئی دہلی میں گروپ آف منسٹرس کے اجلاس میں شرکت کی۔ جی ایس ٹی کونسل نے اصلاحات کا جائزہ لیتے ہوئے جی ایس ٹی ٹیکس سلاب کو آسان بنانے کیلئے سفارشات پیش کرنے گروپ آف منسٹرس تشکیل دیا ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے جنوبی ہند کی ریاستوں کے ساتھ فنڈس کی اجرائی میں ناانصافی کی شکایت کی ۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ جی ایس ٹی کو متعارف کرنے کے بعد ریاستوں پر 14 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ مرکزی حکومت کو چاہئے کہ سالانہ 14 فیصد اضافہ کے اقدامات کرے تاکہ ریاستوں کے نقصانات کی پابجائی ہو۔ انہوں نے کہا کہ 14 فیصد کی شرح ترقی کو برقرار رکھنے کیلئے پانچ سال تک جی ایس ٹی معاوضہ کی ادائیگی کو متعارف کیا گیا تھا لیکن ریاستوں میں ترقی کی شرح محض 8 تا 9 فیصد تک محدود ہوچکی ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ جی ایس ٹی سلاب کو آسان بناتے ہوئے ٹیکس کے بوجھ میں کمی کی تجویز قابل ستائش ہے۔ تاہم ریاستوں کی آمدنی کا تحفظ کیا جانا چاہئے۔ بصورت دیگر غریبوں اور متوسط طبقات کی فلاحی اسکیمات اور انفراسٹرکچر پراجکٹس متاثر ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ہند کی ریاستیں تلنگانہ ، کرناٹک اور ٹاملناڈو جی ایس ٹی کی مناسب حصہ داری سے محروم ہیں۔ بھٹی وکرمارکا نے جی ایس ٹی اصلاحات کے تحت ٹیکس میں کمی کی تجویز کی مکمل تائید کی۔ تاہم ریاستوں کو مناسب معاوضہ کیلئے میکانزم تیار کرنے کا مشورہ دیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ جی ایس ٹی اصلاحات پر عمل آوری کے وقت ریاستوں کی مناسب حصہ داری کا خیال رکھا جائے تاکہ عوام پر ٹیکس کے بوجھ میں کمی آئے اور ریاستوں کی جانب سے فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کا سلسلہ جاری رہے۔
