جوبلی ہلز میں قبرستان کیلئے جگہ ،سرکاری اراضیات کا جائزہ

حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز میں قبرستان کی جگہ کی تخصیص کے لئے جاری مطالبات کے پیش نظر صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد عظمت اللہ حسینی نے حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے علاقوں میں موجود سرکاری اراضیات کا دورہ کرتے ہوئے انہیں قبرستان کے لئے مختص کرنے کا جائزہ لیا۔ جوبلی ہلز ضمنی انتخابات کے ماحول میں جوبلی ہلز حلقہ اسمبلی کے رائے دہندوں کی جانب سے قبرستان کے لئے جگہ کی تخصیص کے لئے شدت اختیار کرنے والے مطالبہ کو دیکھتے ہوئے جناب محمد عظمت اللہ حسینی نے عوامی مطالبہ کو پورا کرنے کی غرض سے حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز میں موجود سرکاری اراضیات کا دورہ کرتے ہوئے ان کے متعلق تفصیلات حاصل کیں ۔بتایا جاتا ہے کہ حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے علاقہ ایس پی آر ہلز میں موجود 13ایکڑ اراضی موجود ہے لیکن اس میں سے محض ایک ایکڑ اراضی قابل استعمال ہے کیونکہ مابقی پہاڑی علاقہ ہے جبکہ اس سرکاری اراضی کے علاوہ حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے حدود میں گڈلہ بستی کے قریب سرکاری اراضی موجود ہے اور حکومت نے اس سرکاری اراضی کا کچھ حصہ شمشان گھاٹ اور کچھ حصہ عیسائی قبرستان کے لئے مختص کیا ہے اس تخصیص کے علاوہ متصل 2ایکڑ اراضی موجود ہے اگر حکومت کی جانب سے حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے مسلمانوں کے لئے اس اراضی کو حوالہ کرنے کے اقدامات کرتی ہے تو ایسی صورت میں اس علاقہ کے عوام بالخصوص مسلمانوں کو سہولت حاصل ہوگی۔ جناب سید عظمت اللہ حسینی نے بتایا کہ ان اراضیات کا تفصیلی جائزہ لینے اور ان کے دستاویزات کی تنقیح کے بعد وہ جلد ہی ریاستی حکومت کے ذمہ داروں بالخصوص چیف منسٹر اے ریونت ریڈی ‘ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر ملو بھٹی وکرمارک ‘ انچارج وزیر شہر مسٹر پونم پربھاکر کے علاوہ وزیر اقلیتی بہبود مسٹر ادلوری لکشمن کو رپورٹ پیش کرتے ہوئے نمائندگی کی جائے گی کہ حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے مسلمانوں کی جانب سے مسلسل کئے جانے والے مطالبہ کی یکسوئی کے لئے حکومت فوری طور پر ان دونوں اراضیات کو قبرستان کے لئے مختص کرنے کے لئے احکامات کی اجرائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں مسلمانوں کے حوالہ کریں تاکہ حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے مسلمانوں کو تدفین کے لئے ہونے والے مسائل کو فوری طور پر حل کیاجاسکے۔
