پرانے شہر میں میٹرو کاموں میں تیزی ۔ کئی مقامات پر پلرس کیلئے کھدوائی کا آغاز

22last_5

پرانے شہر میں میٹرو ریل کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے لگا ہے اور حیدرآباد میٹرو ریل نے دارالشفاء تا فلک نما راہداری پر پلرس کی نشاندہی مکمل کرنے بعد کئی مقامات پر پلرس کیلئے کھدوائی کا آغاز کردیا ہے۔حیدرآباد میٹرو ریل سے دارالشفاء تا فلک نما راہداری پر کاموں کے دوران حصول جائیداد اور انہدامی کاروائیوں کے ساتھ فلک نما پر پلرس کیلئے نشاندہی و کھدوائی کو بھی شروع کردیا ہے۔ دارالشفاء سے منڈی میرعالم ‘ کوٹلہ عالی جاہ‘ سلطان شاہی ‘ دائرہ میر مومن ‘ ہری باؤلی اور شاہ علی بنڈہ تک حصول جائیداد کے علاوہ علی آباد ‘ انجن باؤلی ‘ فلک نما کے قریب پلرس کیلئے کھدوائی شروع ہوگئی ہے۔ حیدرآباد میٹرو ریل حکام کے مطابق اس راہداری پر پلر کے مقامات کی نشاندہی کو مکمل کرکے منصوبہ کے مطابق کاموں کو انجام دیا جانے لگا ہے اور پلر کیلئے نشاندہی کرکے انجینیئرس نے کاموں کا آغاز کردیا ہے۔ پرانے شہر میں میٹرو ریل کے کام جس رفتار سے کئے جا رہے ہیں ان کو دیکھتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ حکومت کے نشانہ کے مطابق اندرون 5 برس کاموں کو بڑی حد تک مکمل کرلیا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق اس راہداری پر حصول جائیدادکیلئے نشاندہی اور شاہ علی بنڈہ روڈ پر انہدامی کارروائی کا جلد آغاز ہوگا اور مالکین جائیداد کے ساتھ مشاورت کے بعد معاوضہ کی ادائیگی کرکے تخلیہ کا عمل بھی شروع کردیا جائیگا۔ذرائع کے مطابق اس راہداری پر کاموں کے دوران ٹریفک مسائل سے نمٹنے منصوبہ کے تحت راہداری کی ابتداء اور اختتام دونوں ہی مقامات پر کاموں کو شروع کردیا گیا تاکہ مصروف سڑک پر راہگیروں کے مسائل کو کم کیاجاسکے۔