فلائی اوور کے نیچے کی جگہ جی ایچ ایم سی کے لیے آمدنی کا ذریعہ

TOP_12-18

شہر میں تعمیر کردہ فلائی اوورس جو کبھی نظر انداز کردہ مقامات ہوا کرتے تھے حالیہ برسوں میں ایسے سرسبز و شاداب مقامات بن گئے ہیں جہاں شہری چہل قدمی کررہے ہیں ۔ لیکن ٹولی چوکی فلائی اوور کی بات جداگانہ ہے ۔ جہاں گرینری کے بجائے جی ایچ ایم سی نے اس فلائی اوور کے نیچے 18 وینڈنگ شاپس تعمیر کئے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی کی اسٹانڈنگ کمیٹی نے ان شاپس کو ایک کھلے ہراج عام کے ذریعہ الاٹ کرنے کی تجویز کو کل منظوری دی ۔ حیدرآباد کے زیادہ تر فلائی اوورس کے پاس انہیں خوبصورت بنانے اور آلودگی کم کرنے کے لیے لانس اور گرین زونس بنائے گئے ہیں جب کہ ٹولی چوکی فلائی اوور کے نیچے کی جگہ کو تجارتی مقصد کے لیے استعمال میں لانے کی تجویز پر تشویش ظاہر کی جارہی ہے ۔ مقامی لوگوں اور اربن پلانرس نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس مقام پر تجارتی سرگرمیاں شروع ہونے پر زبردست ٹریفک ہجوم ہوگا اور ٹریفک جام کے مسائل ہوں گے ۔ بے ترتیب پارکنگ اور اس مصروف جنکشن پر تازہ ناجائز قبضے ہوسکتے ہیں ۔ عہدیداروں نے کہا کہ 18 وینڈنگ شاپس کو جی ایچ ایم سی ایکٹ 1955 کے سیکشن 148(2) کے تحت تین سال کیلئے لیز پر دیا جائے گا ۔ یہ سیکشن اسٹانڈنگ کمیٹی کو غیر منقولہ جائیداد کو تین سال کیلئے لیز پر دینے کا اختیار دیتا ہے ۔ ایک سال سے متجاوز نہ ہونے والی لیز کے لیے سیکشن 148(1) کے تحت کمشنر عہدیدار مجاز ہوتے ہیں ۔