حکومت کا اہم فیصلہ ، موسیٰ ندی کی ترقی کیلئے 375 کروڑ روپئے جاری

p4-1

موسیٰ ندی ڈیولپمنٹ پراجکٹ میں بہت بڑی پیشرفت ہوئی ہے۔ اس تناظر میں محکمہ فینانس نے موسیٰ ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پراجکٹ کو مالیاتی سال 2024-2025ء کے بجٹ میں مختص کردہ 375 کروڑ روپئے منظور کرتے ہوئے آج احکامات جاری کیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے موسیٰ ندی کو ترقی دینے کیلئے خصوصی حکمت عملی تیار کی ہے۔ موسیٰ ندی کے طاس میں رہنے والے مکانات میں تاحال نصف مکانات کو ہٹادیا گیا ہے۔ فی الحال موسیٰ ندی میں جمع ہونے والے کچرے کی صفائی کا پروگرام جاری ہے۔ محکمہ فینانس کی جانب سے فنڈز کی اجرائی کے بعد کاموں میں مزید تیزی پیدا ہونے کے امکانات پائے جاتے ہیں۔ ریونت ریڈی موسیٰ ندی کو ایک سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ بیرون ممالک کی مختلف ندیوں کا بھی معائنہ کیا ہے اور وہاں ندیوں کو دی گئی ترقی کے تعلق سے متعلقہ عہدیداروں اور ماہرین سے بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔ حیدرآباد میں بھی عہدیداروں کا ایک سے زائد مرتبہ جائزہ اجلاس طلب کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کے منصوبوں پر تبادلہ خیال ہے۔ چیف منسٹر کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے عہدیداروں نے بھی اس پراجکٹ کیلئے مختلف تجاویز تیار کئے ہیں۔ واضح رہیکہ (Musi Beautification) کیلئے ایشین ڈیولپمنٹ بینک نے 4100 کروڑ روپئے قرض جاری کرنے کو منظوری دی ہے۔ موسیٰ ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈ کے عہدیداروں نے ریاست کے دورہ پر پہنچنے والے ADB کے وفد کو موسیٰ کی خوبصورتی اور صفائی کے ساتھ ساتھ شروع کئے جانے والے ماحولیاتی پروگرامس کے تعلق سے تفصیلات پیش کی ہے جس سے فنڈز کی اجرائی کیلئے راہ ہموار ہوئی ہے۔ اس منصوبے کے تحت موسیٰ ندی کے دونوں کناروں پر سڑکیں تعمیر کی جائیں گی اور عالمی معیار کی بنیادی سہولتیں فراہم کیا جائے گا۔ اس پراجکٹ کو موسیٰ ندی میں سیلابی پانی اور ڈرینج کے پانی کو الگ کرنے کیلئے انٹرسپٹر چیانل نیٹ ورک کے طریقہ کار پر پراجکٹ تعمیر کرنے کا ڈیزائن تیار کیا گیا ہے۔