بی آر ایس کے دور اقتدار میں بی سی طبقات کیساتھ انصاف رسانی : کے ٹی آر

TOP_20

بھارتیہ راشٹریہ سمیتی ( بی آر ایس ) نے بی سی طبقات کے ساتھ تلنگانہ میں انصاف کی شروعات ایوان اسمبلی اور قانون ساز کونسل سے کی ہے ۔ سابق چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو نے ایوا ن اسمبلی میںسریکونڈا مدھو سدھن چاری اور ایوان قانون ساز کونسل چیرمن کانکا مامیڈی سوامی گوڑ کو بناکر تلنگانہ میں بی سی طبقے کے ساتھ انصاف کی شروعات کی ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار سابقہ ریاستی وزیر کے ٹی راما رائو نے اسمبلی میں پنچایت راج ایکٹ میں مجوزہ ترمیم پر بحث کے دوران کیاہے۔ کے ٹی آر نے کہاکہ راجیہ سبھا کے لئے کے کیشو رائو کا انتخاب بھی بی سی سماج کے ساتھ انصاف کی پہل تھی‘ مگر حکومت تلنگانہ بی سی طبقات کو گمراہ کرنے کے لئے اسمبلی میںبل کو منظور کرکے مرکز کو بی سی تحفظات بل میں رکاوٹ کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ کے ٹی آر نے بی سی سب پلان پر حکومت کی خاموشی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا او رکہاکہ کبھی آر ڈیننس اور کبھی قانون کا کھیل کھیلا جارہا ہے مگر 42فیصد بی سی تحفظات کو عملی جامعہ پہنانے کے لئے ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے ہیں۔کے ٹی آر نے کہاکہ تلنگانہ میں بی سی تحفظات پر بحث کا سلسلہ جاری ہے مگر بہار کے اخبارات میں اشتہار بازی کے ذریعہ یہ دعوی کیاجارہا ہے کہ تلنگانہ میںچیف منسٹر ریونت ریڈی نے بی سی طبقات کو 42فیصد تحفظات فراہم کردیا ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے جنتر منتر پر دئے گئے بی سی تحفظات بل کے متعلق دھرنے میں بی آر ایس پارٹی پر شامل نہ ہونے کے الزام کا جواب دیتے ہوئے کے ٹی آر نے کہاکہ راہول گاندھی اور کانگریس کے قومی صدر ملکاراجن کھڑگے بھی تو جنتر منتر کے دھرنے میںشریک نہیںہوئے تھے تو کیا راہول گاندھی او رملکاراجن کھڑگے بی سی تحفظات کے مخالف مانے جائیں گے۔جس پر کانگریس رکن اسمبلی ادی سرینواس نے جواب دیتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کانگریس سربراہ ملکار اجن کھڑگے اور راہول گاندھی کی موجودگی میں تلنگانہ میں نافذ ہونے والے 42فیصد بی سی تحفظات پر مشتمل پائور پوائنٹ پریزنٹیشن کیا اور کانگریس اراکین پارلیمنٹ کو مذکورہ بی سی تحفظات بل کی تفصیلات سے واقف کروایا۔جس پر کے ٹی آر نے کہاکہ دہلی میں وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ایک کل جماعتی اجلاس منعقد کریں تاکہ تلنگانہ بی سی تحفظات بل پر بحث کی جاسکے۔انہوں نے پنچایت راج ایکٹ (تیسری ترمیم) پر حکومت کا مکمل ساتھ دینے او ربی آر ایس پارٹی کی جانب سے مکمل تعاون کا وعدہ بھی کیا۔کے ٹی آر نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو چیالنج کرتے ہوئے کہاکہ ’’ اگر آپ میںہمت ہے تو آپ دہلی جائیں اور بی سی بل کے لئے جدوجہد کریں ‘ اگر ضرورت پڑتی ہے تو جنتر منتر پر غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال ٹھیک اسی طرح کریں جس طرح تلنگانہ ریاست کے لئے چندرشیکھر رائو نے بھوک ہڑتال کی تھی‘‘۔