فیس باز ادائیگی ‘ کالجس کی ہڑتال ختم

TOP_25-3

تلنگانہ حکومت اور خانگی تعلیمی اداروں کے انتظامیہ کے درمیان بات چیت کامیاب ہوگئی اور حکومت نے فیس ریمبرسمنٹ کے 1200کروڑ کے بقایا جات کی اجرائی کا تیقن دیا ۔ مذاکرات کے بعد کالجس نے ہڑتال سے دستبرداری کا اعلان کیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا ، وزیر آئی ٹی سریدھر بابو اور وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے پیشہ وارانہ کالجس کے نمائندوں کے ساتھ آج دوسرے دور کی بات چیت کی ۔ کالجس میںمنگل سے تعلیم کا معمول کے مطابق آغاز ہوگا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کا تعلیمی مستقبل حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ فیس ریمبرسمنٹ اسکیم غریب اور متوسط طلبہ کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں ۔ سابق بی آر ایس حکومت نے فیس ریمبرسمنٹ اسکیم کو نظر انداز کردیا تھا ۔ 10برسوں میں بی آر ایس حکومت نے فنڈز جاری نہیں کئے جس سے بقایا جات میں اضافہ ہوگیا ۔ کانگریس حکومت فیس ریمبرسمنٹ اور دیگر بقایا جات کو جاری کرنے میں سنجیدہ ہے تاکہ طلبہ کی تعلیم متاثر نہ ہو ۔ کالجس کے پاس 600 کروڑ سے متعلق ٹوکن موجود ہیں ۔ 600کروڑ کے ٹوکن سے متعلق رقومات اندرون ایک ہفتہ جاری کردی جائیں گی ۔ فیس ریمبرسمنٹ اسکیم کو آسان اور نقائص سے پاک بنانے کیلئے کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے ہڑتال ختم کرنے پر کالجس انتظامیہ سے اظہار تشکر کیا ۔