بہار میں مہاگٹھ بندھن کی شاندار کامیابی یقینی : سرینواس ریڈی

srinivas-reddy

بہار میں کانگریس پارٹی کے الیکشن آبزرور وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے دعوی کیا کہ اسمبلی چناؤ میں مہاگٹھ بندھن کو کامیابی حاصل ہوگی۔ کانگریس، آر جے ڈی اور بائیں بازو جماعتوں پر مشتمل محاذ فیصلہ کن کامیابی حاصل کرے گا۔ سرینواس ریڈی نے پٹنہ میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا اور مقامی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے مغربی چمپارن ضلع کے نوتن اسمبلی حلقہ سے کانگریس امیدوار امیت گری کے پرچہ نامزدگی ادخال کے موقع پر شرکت کی۔ سرینواس ریڈی نے کانگریس امیدوار کے حق میں مختلف گروپ میٹنگس سے خطاب کیا اور کہا کہ لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے بہار میں ووٹ چوری کو بے نقاب کرتے ہوئے عوام کو باشعور بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے ڈی یو ۔ بی جے پی حکومت کی ناکامیوں کے نتیجہ میں مہاگٹھ بندھن کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے عین قبل لاکھوں خواتین کے بینک اکاؤنٹس میں رقومات کی منتقلی اس بات کا ثبوت ہے کہ جے ڈی یو اور بی جے پی کو شکست کا یقین ہوچکا ہے۔ رقومات کی منتقلی کے ذریعہ ووٹ خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سرینواس ریڈی نے الزام عائد کیا کہ نتیش کمار کی کارکردگی ملک کے تمام چیف منسٹرس کے مقابلہ انتہائی ناقص ہے۔ رائے دہندوں نے جے ڈی یو حکومت کو برطرف کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی وعدوں پر عوام بھروسہ کرنے والے نہیں ہیں۔ بہار میں بے روزگاری اہم مسئلہ ہے اور جے ڈی یو بی جے پی حکومت نے نوجوانوں کی بھلائی اور روزگار کی فراہمی پر توجہ نہیں دی۔ بہار میں نوجوان رائے دہندے فیصلہ کن موقف رکھتے ہیں۔ بہار چناؤ کے پہلے مرحلہ میں سرینواس ریڈی پٹنہ کے کئی اسمبلی حلقہ جات میں انتخابی مہم چلائیں گے۔