کانگریس کا دور حکومت ، سکریٹریٹ دھرنا چوک میں تبدیل : ہریش راؤ

بی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے ریاستی انتظامیہ کے ہیڈکوارٹر سکریٹریٹ کانگریس کے دور حکومت میں دھرنا چوک میں تبدیل ہوجانے کا دعویٰ کیا ہے ۔ ہریش راؤ نے سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سکریٹریٹ ریاستی نظم و نسق کا ہیڈکوارٹر ہوتا ہے ۔ جہاں سے ریاست کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے تیار کئے جاتے ہیں ۔ عمل آوری کی حکمت عملی تیار ہوتی ہے اور مسائل کی یکسوئی ہوتی ہے ۔ مگر کانگریس کے دور حکومت میں سکریٹریٹ دھرنا چوک میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ چند دن قبل بلز کی عدم اجرائی پر کنٹراکٹرس نے وزراء کے چیمبر اور سکریٹریٹ کے احاطے میں احتجاجی دھرنا منظم کیا ہے ۔ تازہ طور پر سرکاری گاڑیوں کے کرائے ادا نہ کرنے پر مالکین نے سکریٹریٹ کے سامنے احتجاج کیا ہے ۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کا انتظامیہ پر کنٹرول ختم ہوگیا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس حکومت کمیشن کی خاطر بڑے کنٹراکٹرس کے بلز جاری کررہی ہے ۔ چھوٹے کنٹراکٹرس کے بلز و بقایا جات کو نظر انداز کررہی ہے ۔ جس کی وجہ سے یہ لوگ سکریٹریٹ میں احتجاج کررہے ہیں ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے غلط فیصلوں سے ریاست کا معاشی نظام پوری طرح تباہ و برباد ہوگیا ہے ۔ گورنمنٹ میں جن کاروں کو کرائے پر حاصل کیا گیا ان کا 10 ماہ سے کرایہ ادا نہیں کیا گیا ۔ جس سے اس کاروبار سے وابستہ مالکین اور کام کرنے والے ملازمین مختلف مسائل اور دشواریوں سے دوچار ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کئی ماہ سے کنٹراکٹ پر خدمات انجام دینے والے ملازمین کی تنخواہیں بھی جاری نہ کرنے کا حکومت پر الزام عائد کیا ۔
