عادل آباد میں یونیورسٹی کا قیام ، سیمنٹ فیکٹری کا احیاء

Aadilabad

دو سال قبل منعقدہ اسمبلی انتخابات کے دوران عادل آباد کے ایک انتخابی جلسہ میں ریونت ریڈی نے اپنے خطاب میں حصول تعلیم کرنے والے طلباء کی سہولت کی خاطر عادل آباد میں یونیورسٹی کا قیام اور بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی خاطر عادل آباد سیمنٹ فیکٹری کا احیاء ریاست میں کانگریس حکومت قائم ہونے کے بعد کرنے کا تیقن دیا تھا جس کو مگر پورا نہ کرنے پر BRS پارٹی عادل آباد ضلع صدر و سابق ریاستی وزیر جوگو رامنا نے چیف منسٹر ریونت ریڈی پر الزام عائد کیا کہ وہ کانگریس حکومت اور چیف منسٹر کے جلیل القدر عہدہ پر فائم ہوئے دو سال کا عرصہ ہورہا ہے لیکن انتخابات کے دوران عادل آباد کے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے ریونت ریڈی سے مطالبہ کیا کہ وہ جلسہ عام میں عوام سے معافی مانگے۔ جوگو رامنا نے کہا کہ سابق بی آر ایس دور حکومت میں کسان خوشحال زندگی گذار رہے تھے اب جبکہ کانگریس حکومت کے دوران خودکشی کا سلسلہ جاری ہے۔ ریونت ریڈی کے عادل آباد دورہ کو بے معنی قرار دیا۔ تلنگانہ کے عوام کے ساتھ گمراہ کن وعدہ کرتے ہوئے اقتدار حاصل کرنے کا بھی جوگو رامنا نے الزام لگایا اور کہا کہ گرام پنچایت کے جاری انتخابات کے دوران کانگریس امیدوارروں کو شکست سے دوچار کرتے ہوئے عوام انہیں سبق سکھائیں گے۔ میڈیا سے مخاطب کے اس موقع پر سید ساجد الدین کے علاوہ دیگر موجود تھے۔