تلنگانہ سمٹ اہم مہمانوں کیلئے خصوصی طیاروں کا انتظام

6last

ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارک نے کہاکہ حکومت کی جانب سے منعقد ہونے والی تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ ریاست کے مستقبل کا رخ متعین کرنے والا اہم پروگرام ثابت ہوگی ۔ آج شام سکریٹریٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ یہ سمٹ تلنگانہ کے طویل مدتی ترقیاتی ویژن کو عالمی سطح پر پیش کرنے کا بہترین موقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حکومت کا ویژن اور تیار کردہ دستاویز دنیا بھر کی توجہ اپنی جانب حاصل کرنے میں انتہائی کارآمد ثابت ہوگا ۔ بھٹی وکرامارک نے بتایا کہ سمٹ میں مختلف شعبوں کے ممتاز ملکی و غیر ملکی ماہرین کو مدعو کیا گیا ہے جب کہ انڈیگو بحران کا ذکر کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کو امید ہے کہ فضائی خدمات کا مسئلہ جلد حل ہوجائے گا ۔ انہوں نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر سمٹ میں شرکت کرنے والے معزز مہمانوں کو کسی قسم کی سفری پریشانی ہوئی تو حکومت خصوصی طیاروں کا انتظام کرے گی ۔ تاکہ کسی بھی مہمان کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پرے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے مختلف ریاستوں کے چیف منسٹرس کو باضابطہ دعوت نامے بھی بھیج دئیے ہیں ۔ ریاستی وزراء نے خود جاکر چیف منسٹرس کو مدعو کیا ہے جس سے اس سمٹ کی اہمیت اور حکومت کی سنجیدگی واضح ہوتی ہے ۔ حکومت اس تقریب کو عالمی وقار کے ساتھ منعقد کررہی ہے تاکہ ریاست میں سرمایہ کاری بڑے پیمانے پر ہوسکے اور تلنگانہ کو بین الاقوامی سطح پر ایک مضبوط برانڈ کے طور پر پیش کیا جاسکے ۔ سمٹ کی تمام تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس عالمی پروگرام میں تقریبا 3000 قومی و بین الاقوامی معززین ، صنعتکار ، ٹکنالوجی کے ماہرین مختلف ریاستوں کے چیف منسٹرس ، مرکزی وزراء اور سفارت کار شرکت کریں گے ۔ اس سطح کا جامع اور شاندار عالمی اجلاس تلنگانہ میں پہلے کبھی منعقد نہیں ہوا اور یہ ریاست کو عالمی سرمایہ کاری کے نقشے میں نمایاں مقام دلانے میں اہم رول ادا کرے گا ۔