چیف منسٹر ریونت ریڈی آج سے بلدی انتخابی مہم کا عملاً آغاز کریں گے

15last_1

بلدی انتخابات کی نوٹیفکیشن کی اجرائی سے قبل کانگریس پارٹی نے انتخابات میں کامیابی کیلئے حکمت عملی کو قطعیت دے دی ہے ۔ 16 جنوری کو چیف منسٹر متحدہ ضلع عادل آباد کا دورہ کرتے ہوئے انتخابی مہم کا عملاً آغاز کریں گے ۔ اس تناظر میں تمام بلدیہ اور میونسپل کارپوریشنس میں پارٹی امیدواروں کے انتخابات کیلئے کانگریس پارٹی کی جانب سے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور مذاکرات کا عمل جاری ہے ۔ تمام اضلاع کے وزراء ، ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان قانون ساز کونسل کے علاوہ پارٹی کے اہم قائدین کو امیدواروں کا انتخاب کرنے اور انہیں کامیاب بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے دوران اس مسئلہ پر چیف منسٹر اور وزراء سے ملاقات کرتے ہوئے تبادلہ خیال کیا تھا۔ اس کے علاوہ 8 جنوری کو گاندھی بھون میں پردیش کانگریس کمیٹی عاملہ کا اجلاس طلب کرتے ہوئے بلدی انتخابات کی حکمت عملی پر غور و خوض کیا گیا تھا۔ مہیش کمار گوڑ تمام اضلاع کے کانگریس صدور سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں اور انہیں ہدایت دی ہے کہ وہ پارٹی کے تمام اہم قائدین سے مشاورت کرتے ہوئے طاقتور امیدواروں کو نہ صرف انتخابی میدان میں اتاریں بلکہ 80 تا 90 فیصد بلدیات پر کامیابی حاصل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں۔ ہر متحدہ ضلع میں پارٹی کی جانب سے ایک جلسہ عام کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ ان جلسوں کو کامیاب بنانے کی پارٹی قائدین سے اپیل کی ۔ اے آئی سی سی کی تلنگانہ انچارج میناکشی نٹراجن بھی تلنگانہ کے بلدی انتخابات پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں ۔ انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ پر زور دیا کہ وہ کانگریس کے دو سالہ حکومت کی کارکردگی کو جلسوں کے ذریعہ عوام میں پیش کریں۔ بالخصوص فلاحی اسکیمات اور ترقیاتی اقدامات سے عوام کو واقف کرانے پر زور دیا۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے پارٹی کے قائدین پر زور دیا کہ وہ انتخابات میں باغی امیدواروں کو دستبردار کرانے میں اہم رول ادا کریں۔ گزشتہ گرام پنچایت کے انتخابات میں کانگریس پارٹی کی باغی امیدواروں کی وجہ سے بی آر ایس کو کئی گرام پنچایتوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے، لہذا بلدی انتخابات میں اس غلطی کو دہرانے کی کوشش نہ کریں۔ باغی امیدواروں کو سمجھا مناکر انتخابی میدان سے دستبردار کرانے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ انہوں نے پارٹی کے قائدین پر زور دیا کہ وہ طاقتور امیدواروں کی فہرست پہلے ہی تیار کرلیں۔ تحفظات کے مطابق امیدواروں کی فہرست پہلے ہی تیار کرلی جاتی ہے تو انتخابی مہم شروع کرنے میں کانگریس پارٹی کو آسانی ہوگی اور امیدواروں کے انتخاب کیلئے تیار شدہ فہرست پردیش کانگریس کمیٹی کو روانہ کریں۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں قائدین کا بہت زیادہ احترام رہے گا۔ تاہم کسی ایک کو ٹکٹ ملنے پر دوسرے دعویدار پارٹی کے فیصلہ کو قبول کریں اور اس کی کامیابی کیلئے جی توڑ کوشش کریں۔ پارٹی کیلئے کام کرنے والے قائدین کا پارٹی میں ہمیشہ احترام رہے گا اور ایسے ہی قائدین کو عہدے حاصل ہوں گے۔