بھٹی وکرمارکا آج اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پیش کرینگے

19last_1

ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کل 20 مارچ کو اسمبلی میں ریاست کا بجٹ برائے سال 2026-27 پیش کریں گے۔ وزیر آئی ٹی ڈی سریدھر بابو کونسل میں بجٹ پیش کریں گے ۔ بجٹ کی رسمی منظوری کیلئے صبح 9.30 بجے کابینہ کا اجلاس اسمبلی کے کمیٹی ہال میں منعقد ہوگا جس کے بعد دونوں ایوانوں میں بجٹ پیش کیا جا ئے گا۔ بتایا گیا کہ حکومت نے جاریہ بجٹ میں 5 فیصد کا اضافہ کرکے 3.20 لاکھ کروڑ کے موازنہ کو قطعیت دی ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ بجٹ میں بعض نئی اسکیمات کو شامل کیا جائیگا۔ الیکشن سے قبل حکومت نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ، ان میں بعض وعدوں پر آئندہ بجٹ میں عمل کا امکان ہے۔ بجٹ ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کے علاوہ تلنگانہ رائزنگ ویژن 2047 پر مرکوز رہے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے 6 نئی اسکیمات کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جن میں کالج طالبات کو الیکٹرک اسکوٹر کی فراہمی شامل ہیں۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد حکومت کا یہ تیسرا بجٹ ہے ۔ اس میں عوام سے کئے گئے وعدوں پر عمل آوری کو ترجیح دی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ خواتین ، کسانوں اور نوجوانوں کی بھلائی پر بجٹ میں خصوصی توجہ رہے گی۔