چیف منسٹر ریونت ریڈی نے فیوچر سٹی کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا

TOP_14

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کیرالا کی دو روزہ انتخابی مہم سے واپسی کے بعد فیوچر سٹی کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا ۔ چیف منسٹر نے چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ فیوچر سٹی کا دورہ کیا اور ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی اور دیگر اداروں کے تعمیری کاموں کا شخصی طور پر جائزہ لیا۔ محکمہ آر اینڈ بی کے عہدیداروں نے فیوچر سٹی کا پلان پیش کرتے ہوئے چیف منسٹر کو تعمیری کاموں کی پیشرفت سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تعمیری کام مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں اور تعمیری کاموں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ رنگا ریڈی ضلع کے میر خان پیٹ میں 20 ایکر 19 گنٹے اراضی پر حکومت نے فیوچر سٹی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں خاص طور پر فیوچر سٹی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی تشکیل دی گئی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ فیوچر سٹی میں کئی بین الاقوامی اداروں نے اپنے توسیعی منصوبہ کی تکمیل کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سطح کے اداروں کے تعمیری کاموں کی جلد تکمیل کی صورت میں خانگی اداروں کو بھی ترغیب ہوگی ۔ انہوں نے چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ سے کہا کہ وہ تعمیری کاموں کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیں۔ چیف منسٹر کا کہنا تھا کہ تلنگانہ میں صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری میں اضافہ میں فیوچر سٹی اہم رول ادا کرے گی۔