پارٹی سے غداری کرنے والوں کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا : مہیش کمار گوڑ

TOP_11-6

راجیہ سبھا انتخابات کے پرچہ نامزدگیوں کے دوران کانگریس امیدوار میناکشی نٹراجن کے پرچہ نامزدگی مسترد کئے جانے کے بعد تلنگانہ کی سیاست میں ایک زبردست ہلچل مچ گئی ہے۔ اس حساس معاملے میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی بی مہیش کمار گوڑ نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں شامل رہ کر غداری کرنے والے اور دشمن جماعتوں تک معلومات پہنچانے والے قائدین کو سخت وارننگ دی ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے آج گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے واضح کیا کہ پارٹی ہائی کمان اور ریاستی قیادت نے میناکشی نٹراجن کی نامزدگی مسترد ہونے کے واقعہ کو انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے۔ اس پورے واقعہ کے پیچھے اصل محرکات اور تکنیکی خامیاں کیا تھیں۔ یہ جاننے کیلئے پارٹی سطح پر پہلے ہی ایک گہرائی سے اندرونی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اس معاملے میں خود سرگرم ہوچکے ہیں اور وہ ذاتی طور پر اس بات کی نگرانی کررہے ہیں کہ یہ سنگین غلطی کہاوں ہوئی اور اس کے پیچھے کونسے عناصر ملوث ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے ان پردہ پوش قائدین پر اپنے شدید غصہ کا اظہار کیا جو کانگریس میں اعلیٰ عہدیداروں پر فائز ہونے کے باوجود پارٹی کی اندرونی حکمت عملیوں اور معلومات کو اپوزیشن جماعتوں کو افشار (Leak) کررہے ہیں۔ انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایسے قائدین کا کھیل ختم کردیں گے جو پارٹی کے خفیہ معلومات کو کانگریس کی مخالف جماعتوں تک پہنچارہے ہیں۔ بہت جلد ایسے قائدین کے نام منظرعام پر آئیں گے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ کے اس بیان کے بعد کانگریس کے حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے اور کئی بڑے قائدین محتاط ہوگئے ہیں۔ کانگریس پارٹی ہائی کمان نے اس معاملے پر سخت موقف اپنایا ہیجس کے بعد پارٹی سے غداری کرنے والے ماسٹر مائنڈس کے نام بے نقاب کرکے ان کے خلاف تادیبی اور سخت ترین تنطیمی کارروائی کرنے کی مکمل تیاری کی جارہی ہے۔