نظم و نسق کو عوام تک پہنچانے میں محکمہ جات کے عہدیدار اہم رول ادا کریں

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 16 مارچ تا 12 جون پرجا پالنا پرگتی پرانالیکا پروگرام کے دوران مختلف محکمہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لینے سکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اس پروگرام کے نتیجہ میں نظم و نسق عوام کے قریب پہنچنے میں مدد ملی ہے۔ 99 روزہ اس پروگرام کے دوران محکمہ جات نے اپنی کارکردگی خاص طور پر عوامی مسائل کی یکسوئی سے چیف منسٹر کو واقف کرایا۔ رکن راجیہ سبھا وی نریندر ریڈی، چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ ، ڈی جی پی سی وی آنند ، چیف منسٹر آفس کے پرنسپل سکریٹری شیشادری کے علاوہ محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ ضلع سے مواضعات کی سطح تک 99 روزہ پروگرام کی تفصیلات سے چیف منسٹر کو واقف کرایا گیا۔ چیف منسٹر نے محکمہ جات کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ چیف سکریٹری سے ضلع کلکٹر تک تمام اعلیٰ عہدیداروں نے اس پروگرام میں حصہ لیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ضلع کلکٹرس اور اعلیٰ عہدیداروں کو ہر ماہ عوام کی سطح تک پہنچ کر مسائل کا جائزہ لینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف سکریٹری کے ذریعہ ضلع کلکٹرس کو رپورٹ پیش کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ 99 روزہ پروگرام کے اختتام کے باوجود عہدیداروں کو عوام سے رابطہ میں رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بعض محکمہ جات کی کارکردگی توقع کے مطابق نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے لئے شروع کردہ فلاحی اسکیمات کی موثر انداز میں تشہیر کی جائے ۔ میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا کا استعمال کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ دیہی سطح پر موصولہ عوامی درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کو یقینی بنایا جائے۔ چیف منسٹر نے تمام تعلیمی اداروں میں سولار پاور پلانٹس کے قیام کا مشورہ دیا۔ انہوں نے تعلیمی اداروں اور ہاسپٹلس میں ملازمین کیلئے چہرہ شناسی کے ذریعہ حاضری کا نظام متعارف کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے ضلع واری سطح پر پرجا پالنا پروگرام کے جائزہ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت دی ۔ اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر عوامی مسائل کی یکسوئی کی چیف منسٹر نے ہدایت دی۔
