SIR میں این آر آئیز کی شمولیت کیلئےچیف الیکٹورل آفیسر سے کانگریس کی نمائندگی

تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے بیرونی ممالک میں مقیم غیر مقیم ہندوستانیوں کو فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کے لئے آن لائن سہولت فراہم کرنے کی خواہش کی۔ مختلف ممالک خاص طور پر خلیج میں مقیم لاکھوں تلنگانہ کے ورکرس SIR مہم کے بارے میں تشویش میں مبتلا ہیں۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ غیر مقیم ہندوستانیوں کو آن لائن انرولمنٹ کی سہولت فراہم کی جائے اور اِس کے لئے الیکٹورل آفس کی ویب سائٹ خصوصی لنک فراہم کیا جائے۔ دستاویزات کو مربوط کرنے کیلئے آن لائن سسٹم دستیاب نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنس کے مطابق ووٹر رجسٹریشن کیلئے آدھار کو لنک کرنا لازمی نہیں ہے۔ آن لائن فارم کی تکمیل کے مراحل میں آدھار کو لازمی طور پر شامل کیا گیا ہے۔ کئی ایسے غیر مقیم ہندوستانی ہیں جن کے پاس آدھار کارڈ یا رجسٹرڈ موبائیل نمبرس نہیں ہیں جس کے ذریعہ وہ او ٹی پی حاصل کرسکیں۔ غیر مقیم ہندوستانیوں اور خاص طور پر تلنگانہ ورکرس کو رائے دہی کے بنیادی حق سے محروم ہونے سے بچانے کی ضرورت ہے۔ الیکٹورل آفیسر سے درخواست کی گئی کہ لازمی ای سائن کی شرط سے استثنیٰ دیا جائے۔ این آر آئیز کے لئے دستاویزات کو اپ لوڈ کرنے اور فارم کی تکمیل کے لئے علیحدہ پورٹل فراہم کیا جائے۔
