دریاؤں کو صاف ستھرا رکھنے عوام پر زور

آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے دریاؤں کو صاف رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صفائی صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ ریاست کے پانچ کروڑ عوام کو اس اقدام میں ایک عوامی تحریک کے طور پر بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے وجئے واڑہ میں منعقدہ سورنا آندھرا ۔ سوچھ آندھرا ایوارڈز 2026 کی تقریب میں شرکت کی اور صفائی کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے سوچھتا وارٹیرز ، صاف ستھرے ، دیہات اور قصبات ، اسکولوں ، دواخانوں ، اداروں ، کیمپس اور غیر سرکاری تنظیموں کو ایوارڈس سے نوازا گیا ۔ نائیڈو نے کرشنا اور گوداوری دریاؤں میں فضلے اور بغیر صفائی کے لیے سیوریج کے اخراج پر تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ دریا کے بہاؤ کی سمت میں نیچے کی جانب ( ڈاؤن اسٹریم ) آباد لوگ پینے کے لیے دریا کے پانی پر انحصار کرتے ہیں اور خبردار کیا کہ دریا کی آلودگی نہ صرف ان علاقوں کو متاثر کرسکتی ہے ۔ جہاں سے یہ آلودگی پیدا ہوتی ہے ۔ بلکہ کئی دیگر خطوں کو بھی متاثر کرسکتی ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ صفائی کا دائرہ کار محض ذاتی حفظان صحت اور آس پاس کے ماحول تک محدود نہیں رہنا چاہئے بلکہ اس میں صحت اور خیالات کی پاکیزگی بھی شامل ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے ذریعے ماحول کو صاف ستھرا رکھتے ہوئے بیماریوں کی روک تھام میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ریاست بھر میں صفائی کے اقدامات کو وسعت دینے اور ان پر عمل درآمد کے لیے سوچھ آندھرا پردیش کارپوریشن قائم کیا ہے ۔ سوچھ آندھرا کارپوریشن نے چیف منسٹر کی موجودگی میں ’ نیٹ زیرو ‘ کے حوالے سے آئی آئی ٹی کانپور کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے ہیں ۔
