غذائی اجناس کے علاوہ چاول کی قیمتوں میں ملک بھر میں اضافہ

TOP_11-10

ملک میں غذائی اجناس بالخصوص چاول کی قیمتوں میں اضافہ نے غریب اور متوسط طبقات پر مالی بوجھ بڑھادیا ہے ۔ مختلف ریاستوں میں اگرچہ چاول کی قیمت مختلف ہے لیکن مجموعی طور پر اضافی قیمتوں نے دیگر غذائی اجناس کی قیمتوں کو بھی متاثر کیا ہے۔ چاول کی زائد پیداوار والی ریاستوں میں اگرچہ قیمت قابو میں ہے لیکن ایسی ریاستیں جہاں چاول کی پیداوار کم ہوتی ہے ، وہاں پر زائد قیمت ریکارڈ کی گئی۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں چاول کی قیمت کے بارے میں سروے کیا گیا جس میں کرناٹک ریٹیل قیمت کے اعتبار سے ملک میں سرفہرست ہے۔ کرناٹک میں فی کیلو چاول 64 روپئے میں فروخت کیا جارہا ہے ۔ چاول کی مختلف اقسام کے اعتبار سے قیمتیں بھی مختلف ہیں۔ ٹاملناڈو میں 62 روپئے جبکہ مرکزی زیر انتظام علاقوں دادر ، نگر حویلی اور دمن اور دیو میں قیمت 60 روپئے فی کیلو درج کی گئی ہے۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش جو چاول کی پیداوار میں دیگر ریاستوں سے آگے ہیں ، وہاں چاول کی قیمت علی الترتیب 58 اور 57 روپئے فی کیلو درج کی گئی۔ پڈوچیری میں چاول کی قیمت ملک میں سب سے کم یعنی 17 روپئے فی کیلو درج کی گئی۔ ملک کے مختلف علاقوں میں چاول کی مختلف قیمتوں پر ماہرین کی رائے مختلف ہیں ۔ کئی ایسی ریاستیں ہیں جہاں عوام چاول کا استعمال کم کرتے ہیں۔ بعض ریاستوں میں فائن رائس کی اعلیٰ اقسام کو ترجیح دی جاتی ہے۔ ریٹیل مارکٹ میں قیمتیں بھلے ہی کچھ ہوں لیکن کسانوں کو دی جانے والی اقل ترین امدادی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے۔ جاریہ سال مانسون کی ناکامی کے سبب ملک میں چاول کی پیداوار متاثر ہونے کا اندیشہ ہے ۔ ایسی ریاستیں جہاں معمول سے کم بارش ریکارڈ کی گئی ، وہاں کسانوں کو متبادل فصلوں کو اختیار کرنے کی ترغیب دی جارہی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے باریک چاول کی پیداوار پر فی کنٹل 500 روپئے بونس مقرر کیا ہے۔