بہن کو ضمانت دئے جانے پر سپریم کورٹ سے کے ٹی راما راؤ کا اظہار تشکر

KTR-SUPREME-COURT-KAVITHA

بی آر ایس کے کارگذار صدر کے ٹی راما راؤ نے دہلی آبکاری پالیسی اسکام میں ان کی بہن اور پارٹی کی ایم ایل سی کے کویتا کو ضمانت دئے جانے پر سپریم کورٹ سے اظہارِ تشکر کیا ہے اور کہا ہے کہ دہلی ایکسائز پالیسی اسکام سے مربوط کرپشن اور منی لانڈرنگ کیسس میں کے کویتا کو سپریم کورٹ کی جانب سے ضمانت دی گئی ہے، جس کا وہ خیرمقدم کرتے ہیں۔ بی آر ایس کے کارگذار صدر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ مذکورہ کیسس میں انصاف کو یقینی بنایا جائے گا۔ سپریم کورٹ میں آج کے کویتا کی ضمانت کی درخواست کی سماعت کے پیش نظر کے ٹی راما راؤ دہلی میں ہے۔ انہوں نے ایکس پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے اظہارِ تشکر کیا اور کہا کہ ایم ایل سی کے کویتا کو راحت ملی ہے۔ بی آر ایس کے کئی ارکانِ اسمبلی کے علاوہ پارٹی کے دوسرے قائدین بھی دہلی میں ہیں۔ انہوں نے کویتا کو سپریم کورٹ کی جانب سے ضمانت دئے جانے پر راما راؤ کو مبارکباد دی ہے۔ بی آر ایس کے قائدین نے خوشی کااظہار کرتے ہوئے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹرمیں شیرینی تقسیم کی۔ سپریم کورٹ نے کرپشن اور منی لانڈرنگ کیسس میں کویتا کی ضمانت کی درخواست کو منظوری دے دی ہے۔ جسٹس بی آر گوائی اور کے وی وشواناتھن نے اس رائے کااظہار کیا ہے کہ کویتا تقریباً 5مہینوں تک تحویل میں رہی ہیں اور مذکورہ کیسس میں بی آر ایس ایم ایل سی کے خلاف سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کی تحقیقات مکمل ہوگئی ہیں۔