آر ٹی سی میں عنقریب 3000 ملازمین کے تقررات: پونم پربھاکر

وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ آر ٹی سی میں عنقریب 3000 ملازمین کا تقرر کیا جائے گا۔ کریم نگر میں آر ٹی سی کی نئی بسوں کے آغاز کے موقع پر پونم پربھاکر نے کہا کہ حکومت آر ٹی سی کو مستحکم کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت عوامی حکومت ہے اور پرجا پالنا کے تحت عوامی مسائل کی یکسوئی کی جارہی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کریم نگر سے مختلف علاقوں کیلئے 33 الیکٹرک بسوں کا افتتاح کیا۔ منیجنگ ڈائرکٹر آر ٹی سی وی سی سجنار کے ہمراہ انہوں نے بس میں سفر کرتے ہوئے مسافرین سے بات چیت کی۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ آر ٹی سی کو مستحکم کرنے کیلئے عنقریب 3 ہزار ملازمین کے تقررات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کیلئے پی آر سی اور دیگر مراعات کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ خواتین کیلئے مفت سفر کی سہولت کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ اقتدار کے 24 گھنٹوں میں مفت سفر سے متعلق وعدہ کی تکمیل کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ الیکٹرک بسوں کی خریدی کیلئے جے بی ایم کمپنی سے آر ٹی سی نے معاہدہ کیا ہے۔ حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں الیکٹرک بسوں کی تعداد میں اضافہ حکومت کے زیر غور ہے۔ ماحولیاتی تحفظ کیلئے حیدرآباد رنگ روڈ کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں الیکٹرک بسوں کو توسیع دینے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی کی خدمات سے عوام مطمئن ہیں اور ملازمین کو مزید بہتر خدمات کے ذریعہ عوام کا اعتماد حاصل کرنا چاہیئے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ حیدرآباد کیلئے 2500 نئی بسوں کی خریدی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر حال میں آر ٹی سی کا تحفظ کرے گی اور ملازمین کو اس بارے میں تشویش کی ضرورت نہیں ہے۔کریم نگر کے امبیڈکر اسٹیڈیم میں کریم نگر سے حیدرآباد چلنے والی 35 بسوں کا وزیر ٹرانسپورٹ نے افتتاح کیا۔ ارکان اسمبلی کے ست نارائنا، ایم ستیم ، سنجے کمار، کریم نگر کے میئر سنیل راؤ، کلکٹر پی ستپتی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ کریم نگر کے علاوہ نظام آباد میں 67 ، ورنگل میں 86 ، سوریا پیٹ 53 ، نلگنڈہ 65 اور حیدرآباد میں 74 الیکٹرک بسوں کا اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے آر ٹی سی کو 2400 الیکٹرک بسوں کی خریدی کی اجازت دی ہے۔ وی سی سجنار نے کہا کہ جاریہ سال مارچ کے اختتام تک آر ٹی سی نے 500 الیکٹرک بسوں کا آغاز کیا ہے اور عنقریب حیدرآباد کے علاوہ دیگر اضلاع میں الیکٹرک بسوں کا اضافہ ہوگا۔
