موتیہاری میں چھاپہ ماری کرنے گئی خاتون انسپکٹر پر حملہ

n6388837771731401868043daeda980321b583bb0b75337ea0d4ce0969993d0243b1b5cc1d8b4dc5c11925c

ضلع میں رگھوناتھ پور تھانہ علاقہ کے بھلوا بستی میں آرمس ایکٹ کے تحت ایک ملزم کے خلاف چھاپہ ماری کرنے گئی خاتون انسپکٹر شویتا کماری پر سماج دشمن عناصر نے حملہ کر دیا۔ اس دوران خاتون سب انسپکٹر نے بھی دفاع میں پستول سے ایک راؤنڈ فائرنگ کیا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق ٹاؤن تھانہ میں تعینات خاتون سب انسپکٹر شویتا اپنے ایک ساتھی کے ساتھ سول ڈریس میں آرمس ایکٹ کے تحت ایک ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے مذکورہ کالونی گئی تھی، جہاں ان پر سماج دشمن عناصر نے حملہ کر دیا۔ صورتحال قابو سے باہر ہوتی دیکھ کر خاتون انسپکٹر نے فائرنگ کرکے اپنی جان بچائی۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی رگھوناتھ پور تھانہ انچارج وکاس کمار پاسوان مع پولیس فورس موقع پر پہنچے اور صورتحال پر قابو پایا۔ خاتون انسپکٹر پولیس فورس کے ہمراہ بحفاظت تھانہ پہنچی۔ اس واقعہ کے بارے میں ایس پی سورن پربھات نے کہا ہے کہ انسپکٹر شویتا کماری ایک اور افسر کے ساتھ تھانہ انچارج کو بتائے بغیر چھاپہ مار ی کرنے سول ڈریس میں گئی تھیں۔ جہاں گاؤں والوں نے انہیں مجرم سمجھ کر حملہ کر دیا۔ اس میں انسپکٹر نے دفاع میں ایک راؤنڈ فائرنگ کی۔ صورتحال نارمل ہے۔ بغیر فورس اور پولیس بیک اپ کے سول ڈریس میں چھاپہ ماری کرنا ایس او پی کے خلاف ہے۔ اس واقعے کے حوالے سے ڈی ایس پی صدر کو کہا گیا ہے کہ وہ 24 گھنٹے میں تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کریں ۔