ملیشیا اور تھائی لینڈ میں سیلاب سے 12 افراد ہلاک، ایک لاکھ سے زائد بے گھر

ملیشیا اور پڑوسی ملک تھائی لینڈ میں شدید بارشوں کی وجہ سے آنے والے زبردست سیلاب میں کم از کم 12 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ افسران نے یہ معلومات فراہم کیں۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق شمالی ملیشیا میں 1 لاکھ 22 ہزار سے زائد افراد کو ان کے گھروں سے نکالا گیا ہے۔ جب کہ جنوبی تھائی لینڈ میں تقریباً 13 ہزار دیگر افراد بھی بے گھر ہو چکے ہیں۔ خدشہ ہے کہ تعداد بڑھ سکتی ہے، کیونکہ شدید بارش اور طوفان کی وارننگ جاری ہے۔ پھنسے ہوئے رہائشیوں کو بچانے کے لئے ایمرجنسی سروس کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے اور پناہ فراہم کی جارہی ہے۔ ہفتے کے شروع میں شروع ہونے والے سیلاب کی وجہ سے دونوں ممالک کے ہزاروں باشندوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا اور مقامی خبروں پر آنے والی ویڈیوز میں کاریں اور گھر ڈوبے ہوئے نظرآرہے ہیں اور لوگ کمر تک پانی میں دکھائی دے رہے ہیں۔ تھائی لینڈ کے سائتینگ نوک ضلع میں فلمائی گئی ایک ویڈیو میں امدادی کارکن کو سیلاب سے گھرے گھر کی چھت سے ایک بچے کو باہر نکالتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ڈیزاسٹر حکام نے بتایا کہ سیلاب سے جنوبی تھائی لینڈ میں تقریباً 534000 گھر متاثر ہوئے ہیں اور سیلاب کے پانی سے طبی سہولیات کو نقصان سے بچانے سے روکنے کے لئے دو دو اسپتالوں کو بند کرنا پڑا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چھ صوبوں نے سیلاب کی وجہ سے آفات کا اعلان کردیا ہے۔
