بنگلہ دیش کے ساتھ تناؤ: ہندوستانی خارجہ سیکرٹری ڈھاکہ جائیں گے

n64247637617336187730137c557fb9f6f7f559aa94f15406e5c58d9ccdf7003549037547be423486f7852d

ہندوستان اور اس کے پڑوسی ملک بنگلہ دیش کے مابین پائی جانے والی مسلسل کشیدگی کے تناظر میں ہندوستانی خارجہ سکریٹری اس تناؤ میں کمی کی کوششوں کیلئے پیر 9 دسمبر کو ڈھاکہ کا دورہ کریں گے۔ بنگلہ دیش میں اس سال اگست میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والے ملک گیر حکومت مخالف مظاہروں کے نتیجے میں وزیر اعظم شیخ حسینہ کے ملک سے فرار ہو کر ہندوستان چلے جانے کے بعد سے ڈھاکہ میں ایک عبوری حکومت اقتدار میں ہے اور ہندوستان اور بنگلہ دیش کے باہمی تعلقات مسلسل کھچاؤ کا شکار ہیں۔ شیخ حسینہ جب تک اقتدار میں رہیں، نئی دہلی میں ہندوستانی حکومت ان کی بھرپور حامی رہی تھی اور اس وقت 77 سالہ شیخ حسینہ نئی دہلی میں مقیم ہیں، جہاں انہوں نے پناہ لے رکھی ہے۔ ڈھاکہ حکومت کا مطالبہ ہے کہ ہندوستان شیخ حسینہ کو ملک بدر کر کے بنگلہ دیش کے حوالے کرے۔