دہلی پولیس نے بنگلہ دیشی شہری کو گرفتار کرکے واپس بھیجا، 3 سال سے غیر قانونی طور پر رہ رہا تھا۔

جنوب مغربی دہلی کے پالم علاقے میں غیر قانونی طور پر رہنے والے ایک بنگلہ دیشی شخص کی شناخت کر کے اسے واپس بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ محمد شاہد الاسلام، جو پالم گاو¿ں میں تین سال سے رہ رہا تھا، کو فارنرز ریجنل رجسٹریشن آفس کی مدد سے واپس بھیج دیا گیا ہے۔ اطلاع کی بنیاد پر پولیس کی ایک ٹیم منگلا پوری میں مشکوک شخص کے پاس پہنچی۔ جب اس سے دستاویزات مانگی گئیں تو وہ کوئی درست ہندوستانی دستاویز نہیں دکھا سکا۔ اس کے پاس صرف بنگلہ دیشی دستاویز کی فوٹو کاپی تھی۔ پولیس نے کہا کہ اسے غیر قانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہونے کا اعتراف کرنے کے بعد واپس بھیج دیا گیا تھا۔ ہفتہ کو دہلی پولیس نے کہا تھا کہ اس نے قومی دارالحکومت میں 2024 تک بغیر کسی درست دستاویزات کے مقررہ مدت سے زیادہ قیام کرنے والے 132 غیر ملکی شہریوں کو ملک بدر کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (دوارکا) انکت سنگھ نے کہا کہ ملک بدر کیے گئے افراد نائجیریا، آئیوری کوسٹ، گنی، ازبکستان، گھانا، یوگنڈا اور سینیگال کے شہری تھے۔
