ثناء خان کے دوسرے بیٹے کانام کیا ہو؟ مداحوں کے مشورے

n6465830091736238399737a894ae5183f61506d464f1c5ff2e3955a47c1c78a03e1c83ca15a41d42f6e299

اسلام کی خاطر بالی ووڈ کو خیرباد کہنے والی اداکارہ ثناء خان نے مداحوں کو دوسرے بیٹے کی پیدائش کی خوشخبری سنا دی۔ ثناء خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک اینیمیٹڈ ویڈیو شیئر کی ہے۔ اینیمیٹڈ ویڈیو میں لکھا ہے کہ اللّٰہ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اس کی اچھی پرورش کرنے کی توفیق دے تاکہ یہ اللّٰہ کا تابع دار بندہ بنے۔ ویڈیو میں لکھا ہے کہ ہم یہ اطلاع دیتے ہوئے بہت خوش ہیں کہ ہمارے ہاں 5 جنوری 2025ء یعنی 5 رجب 1446ہجری کو ایک ننھے شہزادے کی پیدائش ہوئی ہے اور طارق جمیل نے اپنے چھوٹے بھائی کا بہت پُرجوش انداز میں استقبال کیا ہے۔ اینیمیٹِڈ ویڈیو میں لکھا ہے کہ ہر چیز جو اللّٰہ نے ہمیں عطاء کی اس پر شکر گزار ہیں۔ سابقہ اداکارہ نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ نے ہر چیز مقدر میں لکھی ہے۔ اُنہوں نے لکھا ہے کہ اللّٰہ ہمیں ہر چیز صحیح وقت آنے پر عطاء کرتا ہے اور جب عطاء کرتا ہے تو جھولیاں خوشیوں سے بھر دیتا ہے۔ ثناء خان کو دوسرے بیٹے کی پیدائش پر سوشل میڈیا صارفین و مداح مبارک باد کے ساتھ ساتھ بیٹے کا نام رکھنے کے حوالے سے دلچسپ تبصرے بھی کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا ہے کہ سابقہ اداکارہ اپنے اس بیٹے کا نام مفتی مینک رکھیں گی۔ ایک صارف نے تجویز دیتے ہوئے لکھا ہے کہ اس بچے کے بڑے بھائی کا نام طارق جمیل ہے تو اب چھوٹے کا نام طارق مسعود رکھ لیں۔ کچھ صارفین نے پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں یہ بھی لکھا ہے کہ ہمیں اب بے صبری سے اس بچے کا نام جاننے کا انتظار رہے گا۔