فوج نے اکھنور سیکٹر میں مشتبہ نقل و حرکت کے بعد سرچ آپریشن شروع کیا

جموں ضلع کے اکھنور سیکٹر کے جوگیون علاقے میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع پر فوج نے ہفتے کے روز تلاشی مہم شروع کی۔سیکورٹی حکام کے مطابق، مقامی دیہاتیوں نے علی الصبح کچھ مشتبہ افراد کو علاقے میں گھومتے ہوئے دیکھا، جن کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ دہشت گرد ہو سکتے ہیں۔ ان دیہاتیوں نے فوری طور پر قریبی فوجی کیمپ کو اطلاع دی۔اطلاع ملتے ہی فوجی دستوں نے جوگیون گاؤں اور اس سے ملحقہ جنگلاتی علاقے کو گھیرے میں لے کر جامع تلاشی مہم کا آغاز کیا۔ تاہم، آخری اطلاعات تک مشتبہ افراد کا کوئی سراغ نہیں مل سکا، اور آپریشن جاری ہے۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال 28 اور 29 اکتوبر کو اسی علاقے میں ایک دو روزہ آپریشن کے دوران پاکستان کی دہشت گرد تنظیم جیشِ محمد کے تین بھاری ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔
