دستور پر عمل آوری اور تحفظ ہر شہری کی ذمہ داری: چیف جسٹس ہائی کورٹ

n6493127941737934143113ae89487b5d226d88de272f009e8cffc49dbd25c1a2153f3f399e61bc86e539ce

تلنگانہ ہائی کورٹ میں آج یوم جمہوریہ کے موقع پر کاگذار چیف جسٹس سجئے پال نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر ہائی کورٹ کے ججس اور وکلاء کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس سجئے پال نے کہا کہ دستور سازوں نے کافی محنت اور غور و خوض کے بعد دستور ہند تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستور پر عمل آوری اور اس کا تحفظ کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ جسٹس سجئے پال نے کہا کہ عدالتوں میں زیر التواء مقدمات ججس کیلئے ایک چیلنج کی طرح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء کے تعاون سے اس مسئلہ کی یکسوئی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں گذشتہ سال جنوری میں زیر التواء مقدمات کی تعداد 2.31 لاکھ تھی جو کم ہوکر جاریہ سال جنوری تک 2.29 لاکھ ہوچکی ہے۔ جسٹس پال نے کہا کہ لوک عدالتوں کے ذریعہ مقدمات کی یکسوئی میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ ہائی کورٹ میں ملازمین کی مخلوعہ جائیدادوں پرتقررات کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ ریاست کی 10 ضلع کورٹس کو ڈیجیٹلائزڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ ضلع کورٹس اور تعلقہ کورٹس میں عوام کی سہولت کیلئے می سیوا مراکز قائم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کی نئی عمارت تعمیر کی جارہی ہے جس میں عصری سہولیات دستیاب رہیں گی۔ جسٹس سجئے پال نے کہا کہ نوجوان وکلاء اہم مقدمات کے مباحث اور نامور وکلاء کو اپنے لیئے مثال بنائیں۔