انٹر میڈیٹ امتحانات کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں سے راست نگرانی

تلنگانہ میں پہلی مرتبہ انٹر میڈیٹ طلبہ کے پراکٹیکل امتحانات کی لائیو نگرانی کی جارہی ہے ۔ تلنگانہ بورڈ اف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن نے اس سلسلہ میں تمام ضروری انفراسٹرکچر انتظامات کئے ہیں اور نامپلی میں اس کے دفتر میں ایک کمانڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا ہے ۔ انٹر میڈیٹ کے پراکٹیکل امتحانات کا آغاز 29 جنوری کو ہوا ہے اور یہ 27 فروری تک جاری رہیں گے ۔ اس کے بعد مین امتحانات کا 5 مارچ سے آغاز ہوگا ۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے عہدیداروں کے مطابق اس سال کے امتحانات کے لیے جملہ 9.98 لاکھ طلبہ نے امتحان فیس ادا کی ہے جو گذشتہ سال کے مقابل 30 ہزار طلبہ کا اضافہ ہے جو اس امتحان میں شرکت کریں گے ۔ کمانڈ کنٹرول سنٹر امتحانی مراکز میں لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمروں کے اسکرینس سے لیس ہے ۔ جس سے عہدیدار فوٹیج کی لائیو نگرانی اور کسی نقائص کی صورت میں فوری اعلیٰ عہدیداروں کو چوکس کرسکتے ہیں ۔ اس کے پہلے مرحلہ میں تلنگانہ میں 2008 کے منجملہ 850 امتحانی مراکز پر یہ نگرانی کی جارہی ہے اور انفراسٹرکچر میں بہتری کے ساتھ اس کو وسعت دینے کا منصوبہ ہے ۔ بورڈ کے سکریٹری ایس کرشنا آدتیہ نے یہ بات کہی ۔۔
