طلبہ کی زندگیوں سے حکومت کا کھلواڑ ناقص مڈ ڈے میل کی سربراہی

n6510574151738971042918f45d1aaa287ad57c2f0f39fe94c91698cb6ae061dd0bf038f9d62af9c21202b9

بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے سرکاری اسکولس میں زیرتعلیم غریب طلبہ کو مڈ ڈے میلس معیاری طور پر سربراہ نہ کرنے پر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کو ریاست کے مفادات سے زیادہ دہلی کو نوٹوں کے تھیلے بھیجنے کی فکر ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران سرکاری اسکولس، ریسیڈنشیل ہاسٹلس میں سمیت غذا کے کئی واقعات پیش آئے ہیں جس میں طلبہ کثیر تعداد میں بیمار ہوکر دواخانہ سے رجوع ہوئے۔ یہاں تک کہ کئی طلبہ کی موت بھی واقع ہوگئی، تاہم حکومت ان غریب طلبہ کی صحت کو نظرانداز کررہی ہے۔ ریاست کے عوام نے ریونت ریڈی کو چیف منسٹر کے طور پر منتخب کیا ہے۔ ریونت ریڈی ریاست کے مفادات کا خیال رکھنے کے بجائے بار بار دہلی کا دورہ کرتے ہوئے پارٹی مفادات کو ترجیح دے رہے ہیں۔ چیف منسٹر کے اسمبلی حلقہ کوڑنگل ضلع محبوب نگر میں ناچارم گورنمنٹ اسکول میں غیرمعیاری مڈ ڈے میل سربراہ کرنے کی وجہ سے کئی طلبہ بیمار ہوگئے۔ چیف منسٹر کے اسمبلی حلقہ کا یہ حال ہے تو ریاست کے دوسرے اضلاع کی صورتحال کیا ہوگی، اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ کے ٹی آر نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ طلبہ کی زندگیوں سے کھلواڑ نہ کریں بلکہ معیاری مڈ ڈے میلس کی فراہمی اور طلبہ کے بہتر مستقبل کیلئے ٹھوس منصوبوں پر عمل کریں۔ مڈ ڈے میلس کی سربراہی میں نقائص کو فوری دور کرتے ہوئے تغذیہ بخش غذا کو یقینی بنائیں۔