نرمل میں اورنگ زیب کے دور کے چاندی کے سکے دریافت

نرمل ڈسٹرکٹ کے مدہول منڈل میں ایک گائے کے شیڈ کی تعمیر کے لئے کھدائی کے دوران مبینہ طور پر اورنگ زیب کے دور کے 92 چاندی کے سکے دریافت ہوئے۔ اس منڈل ہیڈکوارٹرس میں بویا گلی کے ایل تروپتی نے دعویٰ کیاکہ یہ چاندی کے سکے ایک مٹی کے برتن میں پائے گئے جو شیڈ کی تعمیر کے لئے مزدور جب زمین کی کھدائی کررہے تھے تو ٹوٹ گیا۔ اس نے ان سکوں کو محکمہ مال کے عہدیداروں کے حوالہ کردیا جنہوں نے پنچ نامہ کرتے ہوئے ان سکوں کو حکومت کے خزانہ میں جمع کردیا۔ محکمہ مال کے عہدیداروں نے خیال ظاہر کیاکہ یہ سکے جن پر اُردو الفاظ تحریر ہیں ظاہر ہے کہ اورنگ زیب کے دور حکومت کے دوران استعمال کئے جاتے رہے ہوں گے جنہوں نے سترہویں صدی میں ملک پر حکمرانی کی تھی۔ اس دور میں مقامی لوگوں کا ان سکوں کو دیکھنے کے لئے ہجوم ہورہا ہے۔ مقامی لوگوں نے کہاکہ اگر ان سکوں کی اسٹڈی کی گئی تو اس ریجن کی تاریخ کا پتہ چلایا جاسکتا ہے۔
