دہلی کابینہ کے 6 وزرا بھی حلف لیں گے

شالیمار باغ کی ایم ایل اے ریکھا گپتا آج دہلی کی نئی وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیں گی۔ وہ دہلی کی چوتھی خاتون وزیر اعلیٰ ہوں گی۔ ان سے پہلے سشما سوراج، شیلا ڈکشٹ اور آتشی چارج سنبھال چکے ہیں۔ حلف برداری کی تقریب رام لیلا میدان میں دوپہر 12.15 بجے ہوگی۔ ان کے ساتھ 6 وزراء پرویش ورما، آشیش سود، منجندر سنگھ سرسا، رویندر اندر سنگھ، کپل مشرا اور پنکج کمار سنگھ بھی حلف لیں گے۔ ۔6 وزراء سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ آج دوپہر 12.35 بجے نئے وزیر اعلیٰ اور ان کی کابینہ کو حلف دلائیں گے۔ تقریب حلف برداری کی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی سمیت تمام مرکزی وزراء، بی جے پی اور این ڈی اے کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ بھی اس میں شرکت کریں گے۔ رام لیلا میدان میں سیکورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔ رام لیلا میدان میں حفاظت کے لیے این ایس جی کمانڈوز، دہلی پولیس کے اہلکار اور آر اے ایف (ریپڈ ایکشن فورس) کے اہلکار تعینات ہیں۔ دہلی میں 25,000 سے زیادہ سیکورٹی اہلکار اور نیم فوجی دستوں کی 15 سے زیادہ کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔ بدھ کی شام لیجسلیچر پارٹی میٹنگ میں ریکھا گپتا کو وزیر اعلی منتخب کیا گیا تھا۔ وزیر اعلی کے طور پر منتخب ہونے کے بعد پہلی بار میڈیا سے بات کرتے ہوئے، انہوں نے کہاکہ پی ایم مودی نے دہلی کے لوگوں کو جو ویژن دیا ہے اسے پورا کرنا میری ترجیح ہوگی۔ میں پی ایم مودی کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ یہ اعزاز صرف میرا نہیں ہے، بلکہ یہ ملک کی ہر ماں اور بیٹی کا اعزاز ہے۔ ریکھا گپتا دہلی کے شالیمار باغ سیٹ سے پہلی بار ایم ایل اے منتخب ہوئی ہیں۔ انہوں نے آپ کی بندنا کماری کو 29,595 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان 8 فروری کو ہوا تھا۔ بی جے پی کو 26 سال بعد تاریخی کامیابی ملی۔ اس نے 70 میں سے 48 سیٹیں حاصل کیں جبکہ عام آدمی پارٹی 22 پر سمٹ گئی۔
