ایس ایل بی سی سرنگ میں حادثہ 8 مزدور پھنس گئے ، 42 کو بچالیا گیا

n65318514017402809097505be905bb5ed37cb297c2a1760e19a291df60d39585a8a9543679da1885eeabc9

ضلع ناگر کرنول کے ایس ایل بی سی ٹنل (سرنگ ) میں آج صبح حادثہ پیش آیا ۔ جس میں 50 مزدور کام کررہے تھے ۔ 42 مزدوروں کو بچا لیا گیا 8 مزدور لاپتہ ہیں انہیں بچانے فوج اور این ڈی آر ایف کو طلب کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حادثہ پر صدمہ کا اظہار کیا اور واقعہ پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی ، جوپلی کرشنا راؤ اور عہدیدار فوری وہاں پہونچ گئے اور راحت کاری اقدامات کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ ایس ایل بی سی ٹنل بائیں سرنگ کے 14 ویں کلومیٹر پر چھت تین میٹر تک گر گئی جس سے یہ حادثہ پیش آیا ۔ کام کیلئے آج صبح ہفتہ کو 8 بجے 50 مزدور سرنگ میں داخل ہوئے 8-30 بجے بورنگ مشین آن کرتے ہی ٹنل کی ایک جانب سے پانی کا اخراج ہوا جس کی وجہ سے مٹی دھنس گئی اور ایک زور دار آواز آئی ۔ ٹی بی ایم آپریٹر نے خطرہ محسوس کرکے فوری الرٹ ہوگیا اور 42 مزدوروں کو محفوظ طریقہ سے باہر لے آیا ۔ بورنگ مشین کے سامنے رہنے والے 8 مزدور پھنس گئے ۔ حکومت ان کے تحفظ کیلئے اقدامات کررہی ہے ۔ حادثہ کی اطلاع پر چیف منسٹر نے صدمہ کا اظہار کیا ۔ ناگر کرنول کے کلکٹر ، ایس پی اور محکمہ فائر انجن کو ہدایت دی کہ وہ فوری راحت کاری کریں ۔ اطلاع ملتے ہی اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ وزیر اتم کمار ریڈی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ مقام حادثہ پہونچکر راحت کاری کے اقدامات کا جائزہ لیا ۔ بعد ازاں وزیر جوپلی کرشنا راؤ کے علاوہ عہدیداروں کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ایس ایل بی سی سرنگ میں 8 مزدور پھنس گئے ہیں جس میں 6 مزدور اور 2 انجینئرس شامل ہیں ۔ انہیں محفوظ طریقے سے باہر نکالنے فوج اور این ڈی آر ایف کے عملہ کو طلب کیا گیا ہے ۔ راحت کاری اقدامات جاری ہیں ۔ آرمی سے بھی بات چیت کی جارہی ہے ۔ آج رات تک انڈین آرمی اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں مقام حادثہ پہونچ جانے کے امکانات ہیں ۔ ٹنل حادثہ کے ماہرین سے مذاکرات کی جارہی ہے ۔ حال ہی میں اترکھنڈ میں اس طرح کا ایک حادثہ پیش آیا تھا ۔ وہاں ریسکیو کیلئے جو ٹیم کام کرچکی ہے اس کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جائے گا ۔