انٹر امتحانات کا آغاز، فرسٹ ایئر کے 17 ہزار امیدوار غیر حاضر

n654743930174120829252246d9a8f253c8ff3ea741b2232b655b97084550bc9fde1438b94344d791494947

انٹر میڈیٹ امتحانات 2025 کا آج سے ریاست بھر میں آغاز ہوا۔ سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے مطابق آج انٹر میڈیٹ فرسٹ ایئر کا سیکنڈ لینگویج پیپر I کا امتحان منعقد ہوا۔پیپرI سیکنڈ لینگویج کیلئے 514184 امیدواروں نے رجسٹرڈ کرایا تھا اور امتحانات میں 496899 امیدواروں نے شرکت کی۔ غیر حاضر امیدواروں کی تعداد 17010 ہے جو مجموعی طور پر 3.42 فیصد ہوتے ہیں۔ ہنمکنڈہ اور ورنگل میں نقل نویسی کے دو معاملات درج کئے گئے ۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے مبصرین نے سدی پیٹ، پداپلی، محبوب نگر، ونپرتی، کھمم، نلگنڈہ، سوریا پیٹ، ورنگل، حیدرآباد اور رنگاریڈی میں امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ سکریٹری بورڈ کے مطابق فرسٹ ایئر کا امتحان پُرامن طور پر منعقد ہوا اور کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ ریاست بھر میں انٹر میڈیٹ امتحانات کے سلسلہ میں وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے۔ طلبہ کو صبح 8:45 بجے امتحانی مراکز پہنچنے کی ہدایت دی گئی تھی اور امتحان کا وقت صبح 9 تا 12 بجے دن ہے۔ پانچ منٹ تاخیر سے پہنچنے والے امیدواروں کو داخلہ کی اجازت دی گئی۔ حیدرآباد کے بیشتر مراکز پر صبح 8 بجے سے ہی امیدواروں کا پہنچنا شروع ہوچکا تھا۔ امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144کے تحت امتناعی احکام نافذ کئے گئے تھے اور کسی کو بھی امتحانی مراکز کے قریب ٹہرنے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی۔ سیکنڈ ایئر کا پہلا امتحان کل6 مارچ کو منعقد ہوگا جو سیکنڈ لینگویج پیپرII کا رہے گا۔ سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کرشنا آدتیہ کے مطابق تمام امتحانی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور ریاست میں امتحانی مراکز کی تعداد 1532 ہے۔ فرسٹ اور سیکنڈ ایئر میں جملہ امیدواروں کی تعداد996971 ہے جن میں فرسٹ ایئر کے طلبہ 488448 ہیں جبکہ سیکنڈ ایئر طلبہ کی تعداد 508523 ہے۔ انہوں نے کہا کہ 25 مارچ تک امتحانی مراکز پر چوکسی برقرار رہے گی۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے صبح میں پرچہ جات کے سیٹ کا انتخاب کیا جاتا ہے جو امیدواروں کو سربراہ کئے جاتے ہیں۔