ٹرمپ کا ہندوستان اور چین سمیت دیگر ممالک پر جوابی ٹیکس عائد کرنے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں ہندوستان، چین اور دیگر ممالک کی جانب سے امریکی مصنوعات پر عائد کیے گئے محصولات (ٹیکس) کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے 2 اپریل سے جوابی ٹیکس لگانے کا اعلان کیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ ان ممالک سے درآمدات پر وہی محصولات عائد کرے گا، جتنا وہ امریکی مصنوعات پر لگاتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اسٹیل اور ایلومینیم ٹیکس پر کسی بھی ملک کو چھوٹ دینے کا کوئی ارادہ نہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ 2 اپریل سے امریکہ کے تجارتی شراکت داروں پر جوابی محصولات نافذ کیے جائیں گے، جن کا اطلاق علاقائی محصولات کے ساتھ کیا جائے گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں ایک امریکی میڈیا چینل "بریٹبارٹ نیوز” کو دیے گئے انٹرویو میں امریکہ اور ہندوستان کے تعلقات پر گفتگو کی۔ جب ان سے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ہونے والی حالیہ سربراہی ملاقات کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ان کے ہندوستان کے ساتھ تعلقات بہت اچھے ہیں، لیکن ساتھ ہی ہندوستان پر غیر معمولی محصولات عائد کرنے کا الزام بھی لگایا۔ ٹرمپ نے کہا: میرے ہندوستان کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں، لیکن میری سب سے بڑی شکایت یہ ہے کہ ہندوستان دنیا کے ان ممالک میں سے ایک ہے جو سب سے زیادہ تجارتی محصولات عائد کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا: مجھے لگتا ہے کہ ہندوستان جلد ہی ان محصولات کو کافی حد تک کم کرے گا، لیکن اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو 2 اپریل سے ہم بھی ان پر اتنا ہی ٹیکس لگائیں گے جتنا وہ ہم پر عائد کرتے ہیں۔
