اتراکھنڈ میں 110 مدارس بند

n6568721401742545563922f9bac3cf64c2f7164857bfe7aee9c25950d27334cb68f50bbf49bb4d5d8af7fa

اتراکھنڈ میں غیر قانونی مدارس کے خلاف دھامی حکومت کی کارروائی جاری ہے۔ اب تک پوری ریاست میں 110 مدارس کو سیل کیا جا چکا ہے۔ جمعرات کو ادھم سنگھ نگر ضلع میں 16 اور ہریدوار میں دو غیر قانونی مدرسوں کو سیل کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کا پیغام واضح ہے کہ ریاست کی بنیادی شکل کے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مذہب کے نام پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ گزشتہ ایک ماہ سے اتراکھنڈ انتظامیہ غیر قانونی مدارس کے خلاف تیزی سے کارروائی کر رہی ہے۔ یہ مدارس حکومت کی اجازت کے بغیر چلائے جا رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے اس پر سخت موقف اختیار کیا ہے۔ اس کے وسیع اثرات بھی نظر آرہے ہیں۔ ریاست بھر میں غیر قانونی مدارس کے خلاف بڑے پیمانے پر مہم چلائی جا رہی ہے۔ انتظامیہ نے اس بات کی بھی تحقیقات شروع کر دی ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر چلائے جانے والے ان غیر قانونی مدارس کے پیچھے کون ہے اور یہاں پر طلبہ کو کس قسم کی تعلیم دی جا رہی تھی۔ جمعرات کو رودر پور میں 4، کیچھا میں 8، باج پور میں 3، جسپور میں 1 اور ہریدوار میں 2 مدرسوں کو سیل کیا گیا۔ اس سے قبل دہرادون اور پوڑی میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی مدارس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 92 مدارس کو سیل کیا جا چکا ہے۔