آر ٹی سی بسوں اور بس اسٹیشنس میں مفت وائی فائی کی سہولت

bus-wifi

آر ٹی سی انتظامیہ جدید ٹکنالوجی کو اپناتے ہوئے بس کے سفر اور اسٹیشنوں پر بس کے انتظار کے وقت کو خوشگوار بنانے کے انتظامات کررہا ہے ۔ نئی تبدیلی کے طور پر مسافروں کو مفت ’ وائی فائی ‘ کی سہولت فراہم کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ تلنگانہ آر ٹی سی انتظامیہ بسوں کے ساتھ ساتھ بس اسٹیشنس میں بھی یہ سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کررہا ہے ۔ اس سلسلہ میں آر ٹی سی انتظامیہ نے پہلے ہی ایک خانگی انٹرنیٹ کمپنی کے ساتھ بات چیت کی ہے ۔ اس فیصلے کو ریاستی حکومت کے علم میں بھی لایا گیا ہے ۔ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے مختلف امور کا جائزہ لینے کے لیے آر ٹی سی کے اعلیٰ عہدیداروں کا ایک اجلاس طلب کیا ہے ۔ جس پر عہدیداروں نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن بھی پیش کیا ہے جس سے مطمئن ہونے والے وزیر ٹرانسپورٹ نے وائی فائی کی سہولت پر عمل کرنے کے لیے ہری جھنڈی دکھائی ہے ۔ جس کے بعد آر ٹی سی انتظامیہ نے اپنے منصوبہ کو قطعیت دینے کے لیے کاموں میں تیزی پیدا کردی ہے ۔ عہدیداروں کی جانب سے تمام اقسام کے بسوں اور بس اسٹیشنوں میں ایک ساتھ وائی فائی کی سہولت پر عمل کرنے کے اقدامات کررہے ہیں ۔ پہلے مرحلے میں مسافرین اپنے موبائل فون میں منتخب کردہ فلمیں اور گانے دیکھ سکتے ہیں ۔ اس کے بعد عام انٹرنیٹ کی سہولیات دستیاب کرائی جائے گی۔ تاہم فلمیں دیکھنے اور گانے سننے کے درمیان وقفہ وقفہ سے اشتہارات بھی آئیں گے ۔ آر ٹی سی انتظامیہ نے اندازہ لگایا ہے کہ اس سے بھاری آمدنی حاصل ہوگی ۔ آمدنی کو نصف انٹرنیٹ کمپنی اور نصف آر ٹی سی انتظامیہ میں تقسیم ہوگی ۔ اس سہولت سے جہاں مسافرین کو انٹرٹنمنٹ ملے گا وہیں آر ٹی سی کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا ۔