حالیہ بارش کے بعد گریٹر حیدرآباد کے کئی علاقے وبائی امراض کی لپیٹ میں

حالیہ بارشوں کے باعث گریٹر حیدرآباد موسمی بیماریوں کی لپیٹ میں ہے ۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ زیادہ تر لوگ H3N2 وائرس کا شکار ہیں جس کی وجہ سے زکام ، کھانسی ، بخار ، گلے کی سوزش ، بدن درد جیسی بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں ۔ موسمی تبدیلیوں کا عوام پر اثر دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ گریٹر حدود میں عوام بیماریوں سے پریشان ہیں ۔ گذشتہ ایک ہفتہ مسلسل بارش سے موسمی بیماریاں پھوٹ پڑی ۔ متاثرین کی بڑی تعداد میں بستی دواخانے ، پرائمری ، اربن پرائمری ہیلت سنٹرس ، گاندھی اور عثمانیہ ہاسپٹلس پہونچ رہی ہے ۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ شہر کے سرکاری ہاسپٹلس جانے والے مریضوں میں 70 فیصد کیس فلو اور وائرل فیور کے ہیں ۔ جس سے فیور ہاسپٹل کے او پی کیسیس کی تعداد میں 20 فیصد عثمانیہ ہاسپٹل میں 12 فیصد اور گاندھی ہاسپٹل میں 15 فیصد ۔ بستی دواخانوں اربن پرائمری ہیلت سنٹرس ، ایریا ہاسپٹل و ضلع ہیڈکوارٹر ہاسپٹلس میں 25 تا 30 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ نیلوفر ہاسپٹل کے ریٹائرڈ ڈاکٹر رمیش رامپوری نے کہا کہ موسم بارش اور موسم سرما میں انفلوزا وائرس کا پھیلاؤ عام ہے ۔ کم قوت مدافعت والے افراد متاثر ہوتے ہیں ۔ خاص طور پر بچے اور ضعیف افراد و حاملہ خواتین متاثر ہونے کے امکانات ہیں ۔ اگر نزلہ اور بخار جیسی علامات ظاہر ہوں تو فوری ڈاکٹرس سے رجوع ہوکر اور علاج کرانے کا مشورہ دیا ہے ۔
